240 views
Ref. No. 923

السلام علیکم، مفتی صاحب ، میں سہیل خان انڈیا سے ہوں۔ آپ سے یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا سرکاری بنک میں نوکری کرنا جائز نہیں ہے؟ میں نے یہاں مولانا سے پوچھاتھاتو انہوں نے پہلے ہاں کہا، پھر بعد میں اور چیک کرنے کے بعد نا کردیا ؛ وہ کہتے ہیں سود کا مسئلہ ہے۔ لیکن جو باقی لوگ وہاں کام کرتے ہیں وہ تو اپنی محنت سے کام کرکے بنک میں جاب کرتے ہیں کیا پھر بھی بینک میں نوکری کرنا جائز نہیں۔ اگر ہے یا نہیں ہے تو آخر کیوں؟ پلیز گہرائی سے سمجھائیں، میں ایک طالب علم ہوں اور ایک سال سے کمپٹی ٹیو امتحان کی تیاری کررہاہوں، بالخصوص انڈیا کے سرکاری بنکوں میں جاب کے لئے آئی بی پی ایس نامی امتحان ہوتا ہے جس میں تحریری امتحان پاس کرنے کے بعد انٹرویو اور پھر انتخاب ہوتا ہے۔ اس مسئلہ کو سمجھائیں۔
asked Jan 22, 2015 in تجارت و ملازمت by sohail

1 Answer

Ref. No. 1012 Alif

الجواب وباللہ التوفیق

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔ بینک کا کاروبار  سود پر منحصر ہوتا ہے۔ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے آپ کو یقینا معلوم ہوگا کہ قرآن کریم میں سود کوحرام کہا گیا ہے، اللہ تعالی نے  سودی کاروبار والے کوجنگ کی دھمکی دی ہے،  اور حدیث  پاک میں نبی اکرم ﷺ نے سود کھانے کوماں سے زنا کے مانند قراردیا ہے۔ اس لئے سودی معاملات بھی حرام ہیں اور ہر ایسے کام کی ملازمت بھی جس میں لینے، دینے، لکھنے اور گواہی دینے کے اعتبار سے  سود پر تعاون ہو ،  یہ سارے امورناجائز اور حرام ہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سود لینے والے پر، سود دینے والے پر، سود کے لکھنے والے پر اور سود کی گواہی دینے والوں پر لعنت فرمائی ہے، اور فرمایا کہ یہ سب گناہ میں برابر کے شریک ہیں، (مشکوٰۃ)۔  جو حکم قرآن وحدیث سے صراحت سے ثابت ہے اس میں کسی قسم کا شک کرنا ایمانی تقاضہ کے منافی ہے، جب سود حرام ہے تو اس کو محنت سے حاصل کیا جائے یا بلامحنت موصول ہو بہر صورت حرام ہی رہے گا۔ خنزیر پر بسم اللہ پڑھ دینے سے اس کا گوشت حلال نہیں ہوجائے گا، ماں، بہن، بیٹی سے نکاح پڑھا لینے  سےوہ حلال نہیں ہوجائیں گی۔ اس لئے سودی کاروبار اور سود پر ہر طرح کے تعاون سے اجتناب لازم اور فرض ہے۔اللہ تعالی حلال اشیاء کی عظمت اور حرام اشیاء کی کراہت ہمارےدلوں میں بٹھادے کہ ہمارے دلوں کو پھیرنے والا وہی ہے ۔  آمین۔

واللہ اعلم بالصواب

 

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

answered Jan 25, 2015 by Darul Ifta
...