150 views
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے متعلق  کہ ایک چھوٹی مسجد ہے جہاں جمعہ نہیں ہوتا تھا لیکن لوک ڈاون کے وجہ سے اس مسجد میں جمعہ شروع کیا گیا ہے اور ابھی جمعہ کی نماز ہوتی ہے لیکن لوک ڈاون کھلنے کے بعد نماز جمعہ نہیں ادا کی جائے گی اس لیے کہ مسجد چھوٹی ہے لوگوں کے لیے جگہ کم ہوتی ہے۔ دریافت طلب مسئلہ یہ ہے کہ جمعہ بند کرانا کیسا ہے اور جمعہ جو شروع کیا مجبوری میں کیا تھا
asked Sep 1, 2020 in نماز / جمعہ و عیدین by Md Yousuf Ali

1 Answer

Ref. No. 1109/42-335

الجواب وباللہ التوفیق 

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔ اس چھوٹی مسجد میں جمعہ کی نماز وقتی طور پر ایک مجبوری کے تحت شروع کی گئی ہے، مجبوری ختم ہونے کے بعد اس میں جمعہ  بند کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ حکومتی ہدایات کے مطابق ایک جگہ پر زیادہ لوگوں کا جمع ہونا ممنوع تھا ، اس لئے چھوٹی مسجد بلکہ شہر اور قریہ کبیرہ کے کسی بھی مقام پر چند لوگ جمعہ کی نماز پڑھ رہے تھے۔ اب جبکہ وہ مجبوری ختم ہوگئی تو جمعہ کی نماز میں جس قدر مجمع زیادہ ہو وہ مستحسن ہے۔ جامع مسجد میں لوگ کثیر تعداد میں جمع ہوں یہی زیادہ بہتر ہے۔ اگر اب بھی چھوٹی مسجدوں اور بلڈنگوں اور پارکوں میں لوگ نماز جمعہ ادا کریں گے تو جمعہ کا مقصد جو اجتماعیت کا اظہار ہے وہ فوت ہوجائے گا۔

 واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

answered Sep 16, 2020 by Darul Ifta
...