33 views
دسویں میں مرحوم کی شوق کی چیزیں بنوانا:
(۹۹)سوال:میت کو زندگی میں جس جس چیز کا شوق تھا، دسویں میں وہی پکاتے کھلاتے ہیں یہ کیسا ہے؟
فقط: والسلام
المستفتی:شریف احمد، ہریدوار
asked Jun 7, 2023 in اسلامی عقائد by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:میت کے ایصال ثواب کے لیے قرآن پاک یا کلمہ طیبہ پڑھنا اور ایسا کھانا پکاکر غرباء اور مستحقین کو دینا اور یا کوئی نفلی کام میت کو ثواب پہونچانے کے لئے کرنا بہت اچھا ہے، مگر ان سب کاموں کے لیے رسمی طور سے جو لوگوں نے ایام اور اوقات کی تعیین اپنی طرف سے کر رکھی ہے کہ ان ایام اور اوقات میں لوگ اس رسم اور تعیین کی وجہ سے خود بخود ہی میت کے گھر پر جمع ہوجاتے ہیں پس ایسا کرنا بدعت ہے، بلکہ حدود شریعت میں رہ کر ایصال ثواب کا کام کہ جب بھی اتفاق ہو اور میسر آجائے کردینا چاہئے۔ قرآن خوانی اور ایصال ثواب بھی جب موقع ہو کرنے میں کوئی حرج نہیں بشرطیکہ پڑھنے والے طعام یا شیرینی کے لالچ میں نہ آئیں، پڑھنے والے بھی اخلاص کے ساتھ پڑھیں اور میت سے تعلق رکھنے والا خود ہی پڑھ کر ایصال ثواب کردے تو یہ سب سے بہتر اور افضل ہے۔ کھاناپکانے میں اور غرباء کو کھلانے میں رسم اور وقت کی تعیین رسمی طور پر نہ ہو اور کھانا میت کے مال سے نہ ہو؛ بلکہ اپنے طور پر ہو تو درست ہے اور میت کے مال سے اگر پکایا جائے، تو سبھی وارثوں کی اجازت حاصل کرلی جائے اور کوئی وارث مانع نہ ہو تب درست ہے اور میت کی پسند کا کھانا پکانا کہ زیادہ ثواب ہو اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے بے بنیاد بات ہے۔(۱)

(۱) فکم من مباح یصیر بالتزام من غیر لزوم والتخصیص من غیر مخصوص مکروہاً۔ (مجموعہ رسائل اللکنوي۔ (سباحۃ الفکر في الجہر بالذکر: ج ۳، ص: ۳۴)
مقرر کردن روز سوم وغیرہ بالتخصیص واورا ضروری انگاشتن در شریعت محمدیہ ثابت نیست۔ (تالیفات رشیدیہ، ’’کتاب البدعات‘‘: ص: ۱۴۲)


فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج1ص401

answered Jun 7, 2023 by Darul Ifta
...