64 views
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہکافی عرصہ پہلے میرے بڑے بھائی کا انتقال ہو گیا تھا ان کے دو بچے تھے ایک لڑکا اور ایک لڑکی دونوں کی پرورش میں نے کی ہے ۔اور میرے بھی ایک لڑکا اور دو لڑکیاں ہے ۔ سوال یہ ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ میری وفات کے بعد میرے بھتیجے اور بھتیجی کو میرے مال میں سے کم سے کم دو دو لاکھ روپے دونوں کو ملیں اور میرے لڑکے اور دونوں لڑکیوں کو بھی شریعت مطابق ملیں ۔اور ایک میری اہلیہ ہے۔اور میں کچھ اپنے مال میں وصیت بھی کرنا چاہتا ہوں ۔(جو میں اپنی زندگی میں راہ خدا میں خرچ کرتا ہوں ) تاکہ یہ سلسلہ میری وفات کے بعد جاری رہے ۔میرے پاس ایک 50گز کا دھلی میں مکان ہے جس کی قیمت اس وقت تقریباً 60 لاکھ ہے ۔۔۔ان تمام لوگوں کے درمیان یہ رقم شریعت کے مطابق کیسے تقسیم ہوگی ۔ تفصیل کے ساتھ جواب مرحمت فرمائیں ۔ آ پ کا شکر گزار رہونگا ۔ نام بابو بھائی سلطان پوری دھلی 110086
asked Oct 17, 2023 in احکام میت / وراثت و وصیت by عبدالقادر

1 Answer

Ref. No. 2638/45-4014

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔  انسان اپنی زندگی میں اپنی جائداد پر مکمل اختیار رکھتاہے، وہ جس کو چاہے جتنا چاہے دے سکتاہے، البتہ اگر اپنے مرنے کے بعد دینے کی وصیت کرتاہے تو صرف تہائی مال میں وصیت نافذ ہوگی ۔ صورت مسئولہ میں آپ اپنی زندگی میں اپنے بھتیجے و بھتیجی کو جو دینا چاہیں دے سکتے ہیں یا ایک تہائی مال یا اس سے کم کی وصیت  بھی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں دیدیں تو زیادہ بہتر ہے اور اگر وصیت کرنا چاہیں تو  ایک وصیت نامہ تحریر کردیں جس میں متعینہ رقم دینے کی صراحت کے ساتھ وصیت درج ہو۔ اسی طرح کسی مدرسہ یا مسجد یا کسی دینی کام کے لئے وصیت کرنا ہو تو اس کی بھی وصیت مع متعینہ رقم کے وصیت نامہ میں درج کردیں۔

آپ کے انتقال  اور تجہیزوتکفین و دین کی ادائیگی کے بعد سب سے پہلے آپ کے تہائی مال سے وصیت کردہ رقم  اداکی جائے گی، پھر جو کچھ بچے گا وہ   آپ کی بیوی وبچوں میں اگر ان کے علاوہ  کوئی اور وارث نہیں ہے تو  اس طرح تقسیم ہوگا کہ بیوی کو آٹھواں حصہ دینے کے بعد مابقیہ لڑکے کو دوہرے اور لڑکیوں کو اکہرے کے حساب سے تقسیم کیاجائے گا؛ یعنی وصیت کی رقم اداکرنے کے بعد باقی مال کو 32 حصوں میں تقسیم کیاجائے گا، جن میں سے چار حصے بیوی کو، چودہ  حصے بیٹے کو اور سات سات حصے ہر ایک بیٹی کو ملیں گے۔

واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

 

answered Oct 30, 2023 by Darul Ifta
...