69 views
نمازی شخص کا اپنے آپ کو جوا کھیلتے ہوئے خواب میں دیکھنا:
(۱۳۰)سوال:میرے ایک دوست نے خواب میں دیکھا کہ وہ کچھ لوگوں کے ساتھ جواء کھیل رہا ہے۔ اور اس میں اس نے سب کچھ گنوادیا، پھر قسمت آزمائی کے لئے ایک اور موقع لیا، اس وقت اچانک عصر یا مغرب کی اذان شروع ہوگئی۔ میرا ایک دوست جو مسجد کا صدر ہے اس نے دیکھاکہ وہ جوا کھیلنے میں مصروف ہے، تو وہ اس کو نماز کے لئے مسجد لے گیا، خیال رہے کہ یہ شخص حقیقی  زندگی میں جوا سے اور حرام کاموں سے بہت دور ہے اور نیک آدمی ہے، اس کی تجارت بھی آج کل اچھی نہیں چل رہی ہے۔ اس کی تعبیر بتائیں۔
فقط: والسلام
المستفتی: عبداللہ، الہ آباد
asked Sep 19, 2023 in فقہ by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:جوئے میں سب کچھ گنوا دینا کاروبار میں خسارہ ہے، پھر ایک موقع اور لینا کاروبار میں لگے رہنا ہے، اور نماز کے لئے چلے جانا، اس خسارہ میں اللہ کی طرف متوجہ ہونا ہے، جو خسارہ میں اللہ تعالیٰ کی طرف بڑھے اس کی جان ومال میں اضافہ ہوتا ہے؛ اس لئے نوافل، صدقہ وخیرات وغیرہ سے اللہ تعالیٰ سے خوب تعلق بڑھائیں؛ تجارت میں بھی نفع ہوگا ’’إن شاء اللّٰہ‘‘(۱) ریا کاری اور کار خیر انجام دینے کے بعد اس کا لوگوں کے سامنے ذکر کرنے سے احتراز کریں۔

(۱) {قُلْ ھَلْ نُنَبِّئُکُمْ بِالْأَخْسَرِیْنَ أَعْمَالًاہط  ۱۰۳أَلَّذِیْنَ ضَلَّ سَعْیُھُمْ فِي الْحَیٰوۃِ الدُّنْیَا وَھُمْ یَحْسَبُوْنَ أَنَّھُمْ یُحْسِنُوْنَ صُنْعًاہ۱۰۴} (سورۃ الکہف: ۱۰۴)

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج2ص173

answered Sep 19, 2023 by Darul Ifta
...