56 views
اکابر کی بعض عبارتوں پر اعتراض:
(۱۸)سوال:ذیل میں ہمارے اکابرین کی ان کتابوں کی عبارتیں نقل کی جارہی ہیں جن کو لے کر علمائے بریلویت عوام کو گمراہ کررہے ہیں، امید کی جاتی ہے کہ ان عبارتوں کی حقیقت اور ان سے مستفاد ہونے والے عقائد کو قرآن و حدیث کی روشنی میں تحریر فرماکر عند اللہ ماجود ہوں گے۔
 (۱) چوری، شراب خوری، جہالت و ظلم سے انکار کرنا بھی کم عقلی سے ہے، حالاں کہ علم کلام والوں کا یہ اصول ہے کہ جن چیزوں پر بندے کو اختیار ہے ان پر اللہ کو بھی اختیار ہے، (ضمیمہ اخبار نظام الملوک مولوی محمود حسن دیوبندی)
(۲) جھوٹ ظلم اور تمام برائیوں میں اللہ تعالیٰ کی طرف دیکھتے ہوئے کوئی برائی ہی نہیں (جہد المقل ص ۷۷ مولوی محمود حسن دیوبند)
ان دونوں عبارتوں کو لے کر علمائے بریلویت عوام کو بہکاتے ہوئے کہتے ہیں کہ دیکھو دیوبندیوں کا عقیدہ یہ ہے کہ (نعوذ باللہ) خدا چوری کرسکتا ہے، جھوٹ بول سکتا ہے، ظلم کرسکتا ہے، تمام گھناؤنے کام کرسکتا ہے۔(۱) اگر بعض غیب کے علم مراد ہیں تو اس میں حضور کی کیا خصوصیت ہے ایسا علم غیب تو زید و عمر و بکر بلکہ ہر بچے پاگل بلکہ تمام حیوانات اور جانوروں کو بھی حاصل ہے، (حفظ الایمان ص۸) اس عبارت کو لے کر عوام کو کہتے ہیں کہ دیوبندیوں کا عقیدہ یہ ہے کہ جو کچھ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو غیب کا علم حاصل ہے اس میں حضور کی کوئی خصوصیت نہیں ایسا علم غیب تو تمام لوگوں بلکہ بچوں اور چوپایوں کو بھی حاصل ہے (۳) پکارنا، منتیں ماننا، نذر و نیاز کرنا اور ان کو اپنا وکیل اور سفارشی سمجھنا یہی ان بت پرستوں کا کفر و شرک تھا لہٰذا جو کوئی بھی کسی سے یہ معاملہ کرے چاہے اس کو اللہ کا بندہ مخلوق ہی سمجھے تو ابو جہل اور وہ شرک میں برابر ہیں (تقویۃ الایمان ص۶) اس عبارت کو لے کر لوگوں کو یہ سمجھاتے ہیں کہ دیکھو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا شفاعت کرنے والا جاننا ابوجہل کے برابر شرک ہے یہ ہے عقیدہ دیوبندیوں کا۔(۴) بڑا ہو یا چھوٹا ہر مخلوق اللہ کی شان کے آگے چمار سے زیادہ ذلیل ہے (تقویۃ الایمان ص۱) اس عبارت کو لے کر عوام کو بہکاتے ہیں کہ دیکھو دیوبندیوں کا عقیدہ یہ ہے کہ تمام اولیاء و انبیاء حتی کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جیسی عظیم ہستی بھی اللہ کی شان کے آگے چمار سے بھی زیادہ ذلیل ہے؟ (۵) اپنے خیال کو کسی بزرگ چاہے حضور صلی اللہ  علیہ وسلم ہی کی طرف لے جانا اپنے بیل وگدھے کے خیال میں ڈوبنے سے زیادہ برا ہے (صراط مستقیم) (۶) یہ بار بار کی میلاد منانا ہندوؤں کی طرح ہے یا شیعہ لوگوں کی طرح ہے جو اہل بیت کی شہادت کی نقل ہر سال مناتے ہیں (براہین قاطعہ ص ۴۸) (۷) جس کا نام محمد یا علی ہے وہ کسی چیز کا مالک و مختار نہیں (تقویۃ الایمان ص ۳۲) اس عبارت کی کیا حقیقت ہے۔
                            المستفتی: محمد عین الحق، مرادآباد، یوپی
asked Sep 30, 2023 in مذاہب اربعہ اور تقلید by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:مذکورہ اور اس طرح کے دیگر اعتراضات کے واضح جوابات سمجھنے کے لئے حضرت مولانا سرفراز خاں صفدر کی کتاب عبارات اکابر مطبوعہ مکتبہ مدنیہ دیوبند کا مطالعہ مفید ہوگا، اس تعلق سے کچھ اور کتابیں بھی ہیں۔ جو مخالفین کی الزام تراشیوں کو قطع کرنے کے لئے مفید ہیں، مذکورہ کتاب ’’عبارات اکابر‘‘ سہل اور مفید ہے۔ اسی طرح مولانا منظور نعمانیؒ صاحب کی کتاب ’’فیصلہ کن مناظرہ‘‘ بھی بڑی مفید ہے
 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج2ص273

answered Sep 30, 2023 by Darul Ifta
...