29 views
کیا شامیانہ باندھنے میں غیروں کی مشابہت ہے؟
شادی میں شامیانے بندھوانا کیسا ہے ؟
شادی میں شامیانے باندھ کر لوگوں کے آنے جانے کے راستے بند کرنے کا کیا حکم ہے ؟
ایسی شادی میں شرکت اور کھانے کا کیا حکم ہے جس میں شامیانہ بندھا ہوا ہو اور راستہ بند کیا گیا ہو؟
asked Jan 15 in آداب و اخلاق by MuhammadHanif

1 Answer

Ref. No. 2779/45-4350

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔ عمل کا مدار نیت پر ہوتا ہے اگر غیروں سے مشابہت کی نیت نہ ہو اور گرمی یا سردی وغیرہ  کی ضرورت کی وجہ سے شامیانہ لگایا گیا ہو بیجا اسراف نہ ہو تو  شرعا اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ لیکن اگر شامیانہ اس طرح لگایا  جائے  کہ راستہ بند ہو جائے اور لوگوں کو تکلیف ہو تو اگر صاحب تقریب مالدار ہے، اتنی وسعت رکھتا ہے کہ ہال وغیرہ کا نظم کر سکتا ہے تو پھر راستہ بند کرنا جائز نہیں، کیونکہ شریعت میں راستہ سے تکلیف دہ چیز کو ہٹا دینے کو ایمان کا ایک شعبہ قرار دیا گیا۔:

قال رسول الله صلي الله عليه وسلم الايمان بضع وثلثون شعبة فأفضلها قول لا اله الا الله وأدناها اماطة الأذي عن الطريق‘‘ (مشكوة: 12) کسی مسلمان کے لئے لوگوں کو ایذا پہونچانا جائز نہیں۔

قال رسول الله صلي الله عليه وسلم المسلم من سلم المسلمون من لسانه ويده والمؤمن من أمنه الناس علی دمائهم وأموالهم‘‘ (سنن النسائي، كتاب الايمان وشرائعه، باب صفة المؤمن: ج 2، ص: 266)

لیکن اگر صاحب تقریب غریب آدمی ہے، گھر چھوٹا ہے، محلہ  کی گلی تنگ ہے اور وہ تقریب مباح ہو  تو اگر  بدرجہ مجبوری سڑک سے تھوڑا سا حصہ لیا جائے اور آمد ورفت کا مناسب راستہ چھوڑ دیا جائے تو اس کی گنجائش ہے۔

قال رسول الله صلي الله عليه وسلم اياكم والجلوس بالطرقات فقالوا يا رسول الله صلي الله عليه وسلم ما لنا من مجالسنا به نتحدث فيها: قال فاذا أبيتم الا المجلس فأعطوا الطريق حقه قالوا وما حق الطريق يا رسول الله قال غض البصر وكف الأذی ورد السلام والأمر بالمعروف والنهي عن المنكر، متفق عليه۔ (مشكوة: 398)

واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

 

answered Jan 25 by Darul Ifta
...