174 views
مسبوق کا سجدہ سہو میں امام کے ساتھ سلام پھیرنے کا حکم:
(۲۲)سوال: حضرات مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں رہنمائی فرمائیں: مسبوق کا امام کے ساتھ سجدہ سہو میں سلام پھیرنا اور سجدہ سہو کرنا ضروری ہے؟ اگر مسبوق سجدہ سہو نہ کرے تو شریعت مطہرہ میں اس کا کیا حکم ہے؟ مسبوق کی نماز ہوگی یا نہیں؟ یا نماز کا اس پر اعادہ کرنا ضروری ہے؟ ’’بینوا وتوجروا۔‘‘
فقط: والسلام
المستفتی: محمد کلام، سونپور، بہار
asked Jan 20 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللہ التوفیق: مسبوق کے لیے سجدہ سہو کے احکام بیان کرتے ہوئے علامہ کاسانیؒ نے بدائع الصنائع میں درج ذیل وضاحتیں کی ہیں:
مسبوق (جس مقتدی کی ایک، دو یا تین رکعت چھوٹ گئی ہو) سجدہ سہو میں امام کی متابعت یعنی پیروی کرے گا، سلام پھیرنے میں امام کی پیروی نہ کرے؛ بلکہ مسبوق امام کا انتظار کرے کہ وہ سلام پھیر کر سجدہ سہو کرے تو مسبوق بھی سجدہ سہو کرے۔ اور سجدہ سہو میں امام کی متابعت اور پیروی کرے۔ آخری سلام پھیرنے میں مسبوق امام کی متابعت ہرگز نہ کرے۔ اور اگر سلام پھیرنے میں جان بوجھ کر امام کی پیروی کی تو اس صورت میں مقتدی کی نماز فاسد ہو جائے گی یعنی ٹوٹ جائے گی؛ لیکن بھول کر پیروی کی تو نماز فاسد نہیں ہو گی اور مسبوق پر سجدہ سہو بھی نہیں ہوگا، کیوں کہ وہ مقتدی ہے اور مقتدی کا سہو باطل ہوتا ہے۔ اور جب امام آخری سلام پھیرے تو مسبوق امام کے ساتھ سلام نہ پھیرے؛ اس لیے کہ امام کا سلام نماز سے باہر آنے کے لیے ہے اور مسبوق پر ابھی ارکانِ نماز باقی ہیں۔
’’ثم المسبوق إنما یتابع الإمام في السہو دون السلام، بل ینتظر الإمام حتی یسلم فیسجد فیتابعہ في سجود السہو، لا في سلامہ، وإن سلم فإن کان عامدا تفسد صلاتہ، وإن کان ساہیا لا تفسد ولا سہو علیہ لأنہ مقتد، وسہو المقتدی باطل، فإذا سجد الإمام للسہو یتابعہ في السجود ویتابعہ في التشہد، ولا یسلم إذا سلم الإمام لأن السلام للخروج عن الصلاۃ وقد بقي علیہ أرکان الصلاۃ‘‘(۱)
خلاصہ: مذکورہ عبارتوں کی روشنی میں یہ واضح ہو جاتی ہے کہ مسبوق امام کے ساتھ سلام نہیں پھیرے گا، اور اگر مسبوق نے امام کے ساتھ جان بوجھ کر سلام پھیر لیا تو اس صورت میں مسبوق کی نماز ٹوٹ جائے گی؛ البتہ اگر مسبوق بھول کر امام کے ساتھ سلام پھیرا ہے، تو اس کی نماز درست ہو جائے گی اور مسبوق پر سجدہ سہو بھی لازم نہیں آئے گا، نیز مسبوق ہر حال میں امام کے ساتھ سجدہ سہو کرے گا خواہ امام کی وہ بھول مسبوق کے نماز میں شامل ہونے سے پہلے یا بعد میں ہوئی ہو، مسبوق پر امام کے ساتھ سجدہ سہو کرنا ضروری ہے، اگر مسبوق سجدہ سہو نہ کیا تو نماز فاسد ہو جائے گی اور اعادہ ضروری ہوگا۔

(۱) الکاساني، بدائع الصنائع في ترتیب الشرائع، ’’کتاب الصلاۃ: بیان من یجب علیہ سجود السہو و من لا یجب علیہ‘‘: ج ۱، ص:۴۲۲( دارالکتاب، دیوبند)
 

فتاویٰ دارالعلوم وقف دیوبند ج6 ص50

answered Jan 20 by Darul Ifta
...