18 views
کورونا کے ماحول میں نماز میں قرآن دیکھ کر پڑھنے کا حکم :
(۵۵)سوال: کورونا میں مساجد بند ہیں جس کی وجہ سے نماز کے بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں، مسجد میں تمام لوگوں کے نہ جانے کی وجہ سے بعض علماء نے گھر میں نماز پڑھنے اور قرآن یا د نہ ہونے کی صورت میں دیکھ کر قرآن پڑھنے کا مشورہ دیا ہے سوا ل یہ ہے کہ کیانماز میں قرآن شریف دیکھ کر پڑھنا درست ہے خاص کر تراویح میں جب کہ لمبی لمبی قرأت یاد نہیں ہوتی کیا اس کی گنجائش  ہو سکتی ہے؟                            فقط: والسلام
المستفتی: عادل شیخ، حیدرآباد
asked Jan 22 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللہ التوفیق: احناف کے نزدیک دیکھ کر قرآن پڑھنا مفسد نماز ہے، جن لوگوں نے اس کا مشورہ دیا ہے وہ غلط مشورہ دیا، ممکن ہے کہ کسی دوسرے امام کی پیروی میں انہوں نے ایسا مشورہ دیا ہو لیکن احناف کے یہاں یہ عمل درست نہیں ہے اور اس کی احناف کے یہاں دو علتیں ہیں؛ ایک علت یہ ہے کہ قرآن میں دیکھنا،اوراق کو پلٹنا اور رکوع سجدے میں جاتے وقت قرآن کو رکھنا یہ عمل کثیر ہے اور عمل کثیر مفسد نماز ہے۔
دوسری علت یہ ہے کہ قرآن دیکھ کرپڑھنا یہ درحقیقت تعلیم حاصل کرنا ہے،جس طرح نماز میں کسی زندہ آدمی سے اگر کوئی تعلیم حاصل کرے تو اس سے نماز فاسد ہوجاتی ہے اسی طرح قرآن کے نسخے کے ذریعہ بھی اگر کوئی تعلیم حاصل کرے تو نماز فاسد ہوجائے گی، اس لیے کورونا کا بہانا بنا کر نماز میں قرآن دیکھ کر پڑھنے کا مشورہ دینا درست نہیں ہے، تراویح میں اگر بڑی سورت یاد نہ ہو تو چھوٹی سورت پر اکتفاء کرے، لیکن قرآن دیکھ کر تراویح میں بھی درست نہیں ہے۔ علامہ ابن ہمامؒ نے اس کی صراحت کی ہے وہ لکھتے ہیں:
’’و تحقیقہ أنہ قیاس قراء ۃ ما تعلمہ في الصلاۃ من غیر معلم حي علیہا من معلم بجامع أنہ تلقن من خارج وہو المناط في الأصل‘‘(۱)
’’ولأبي حنیفۃ رحمہ اللّٰہ وجہان:  أحدھما أن حمل المصحف وتقلیب الأوراق، والنظر فیہ، و التفکر لیفھم ما فیہ فیقرأ، عمل کثیر، والعمل الکثیر مفسد؛ لما تبین بعد ھذا، و علی ھذا الطریق لا یفترق الحال (بینھما إذا کان المصحف في یدیہ، أو بین یدیہ، أو قرأ من المحراب)‘‘(۲)

(۱) ابن الہمام، فتح القدیر’’کتاب الصلاۃ، باب ما یفسد الصلاۃ و ما یکرہ فیھا‘‘:  ج ۱، ص: ۴۱۲۔
(۲) محمود بن أحمد، المحیط البرہاني:’’کتاب الصلاۃ، الفصل الخامس: باب ما یفسد الصلاۃ و ما لا یفسد‘‘ ج ۲، ص: ۱۵۷۔

 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج6 ص118

 

answered Jan 22 by Darul Ifta
...