23 views
خانہ کعبہ کی تصویر بنے ہوئے جائے نماز پر نماز پڑھنا اور اس پربیٹھنا:
(۸۳)سوال: کیا فرماتے ہیںعلمائے دین مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں:
(۱) جائے نماز، مصلیٰ آج کل جو پرنٹیڈ آرہے ہیں اس میں سجدے کے مقام پر مقدس مقامات کی فوٹوز پرنٹ ہوتی ہیں کیا اس پر نماز درست ہے؟
(۲) بیت اللہ اور مسجد نبوی کا فوٹو گنبد وغیرہ ہوتے ہیں، نمازی ان پر پاؤں رکھتے ہیں، اس سے بے حرمتی تو نہیں ہوتی ہے؟
(۳) کچھ حضرات ایسے مصلیٰ بچھاتے ہیں اور اس پر بیٹھتے ہیں کیا یہ صحیح ہے؟
(۴) کچھ دکان دار جو چٹائی صف، جائے نماز فروخت کرتے ہیں، ان ہی جائے نمازوں پر نشست گاہ بنائے رکھتے ہیں کیا یہ بے ادبی نہیں ہے؟
فقط: والسلام
المستفتی: محمد بدرالدین، جامع مسجد دہلی
asked Jan 22 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: ایسا مصلی اور جائے نماز جس پر خانہ کعبہ کی تصویر پرنٹ ہو یا نقش ہو اس پر نماز پڑھنے سے نماز ہوجاتی ہے۔ اگر اس سے خشوع و خضوع متاثر ہو، تو ایسے مصلی پر نماز پڑھنے سے احتراز بہتر ہے، ایسے مصلی میں بسااوقات خشوع فوت ہونے کا امکان ہے؛ اس لیے مصلی سادے ہونے چاہئیں۔ حدیث سے بھی اس طرف اشارہ ملتاہے، ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منقش چادر میں نماز پڑھی پھر آپ نے وہ چادر ابوجہم کو دینے کا حکم دے دیا۔
’’عن عائشۃ رضي اللّٰہ عنہا، أن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم صلی في خمیصۃ لہا أعلام، فنظر إلی أعلامھا نظرۃ، فلما انصرف قال: إذہبوا بخمیصتي ہذہ إلی أبي جہم، وائتوني بأنبجانیّۃ أبي جہم؛ فإنہا ألہتنی آنفا عن صلاتي‘‘(۱)
 فتاویٰ عثمانی میں لکھا ہے: ’’جا نمازوں پر فی نفسہ کسی بھی قسم کا نقش پسندیدہ نہیں؛ لیکن اگر کسی جانماز پر حرمین شریفین میں سے کسی کی تصویر اس طرح بنی ہوئی ہے کہ وہ پاؤں کے نیچے نہیں آتی تو اس میں بھی اہانت کا کوئی پہلو نہیں؛ البتہ موضع سجود میں بیت اللہ کے سوا کسی اور چیز کی تصویر بالخصوص روضۂ اقدس کی شبیہ میں چوں کہ ایہام خلافِ مقصود کا ہوسکتا ہے؛ اس لیے اس سے احتراز مناسب معلوم ہوتا ہے‘‘۔(۲)
(۱) معلوم ہوا کہ اس طرح کے مصلی سے احتراز ہی بہتر ہے۔
(۲) ایسے مصلی جس پر خانہ کعبہ وغیرہ کی تصویر ہو اس پر پاؤں رکھناخلاف احتیاطہے۔
(۳) ایسے مصلی کو بچھانے اور اس پر بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں ہے؛ لیکن حضرات فقہاء نے لکھاہے کہ جو مصلیٰ نماز کے لیے مختص ہو بہتر ہے کہ جب تک نماز کے لیے استعمال ہو اس کو کسی دوسرے کام میں استعمال میں نہ لایا جائے؛ اس لیے اس پر بلاضرورت بیٹھنا خلاف اولیٰ کہلائے گا۔(۳)
(۱) أخرجہ البخاري، في صحیحہ، ’’کتاب الصلاۃ: باب إذا صلی في ثوب لہ أعلام و نظر إلی علمھا‘‘: ج ۱، ص: ۵۴، رقم:۳۷۳۔
ویستنبط منہ کراہیۃ کل ما یشغل عن الصلاۃ من الأصباغ والنقوش ونحو ہا۔ (ابن حجر العسقلاني، فتح الباري بشرح صحیح البخاري، ’’کتاب الصلاۃ، باب إذا صلی في ثوب الخ‘‘: ج ۱، ص:۶۰۷
(۲) مفتي تقي عثماني،  فتاوی عثماني: ج ۱، ص: ۱۵۔
(۳) قولہ أو لغیر ذي روح) لقول ابن عباس للسائل: فإن کنت لا بد فاعلاً فاصنع الشجر وما لا نفس لہ رواہ الشیخان ولا فرق في الشجر بین المثمر وغیرہ خلافاً لمجاہد،  قولہ لأنہا لا تعبد، أي ہذہ المذکورات وحینئذ فلا یحصل التشبہ۔ (الحصکفي، الدر المختار مع رد المحتار، ’’کتاب الصلاۃ:  باب ما یفسد الصلاۃ وما یکرہ فیہا‘‘: ج ۲، ص: ۴۱۸، زکریا دیوبند)
صح فرض ونفل فیہا وکذا فوقہا وإن لم یتخذ سترۃ لکنہ مکروہ لإسائۃ الأدب باستعلائہ علیہا۔ (الشرنبلالي، نور الایضاح، ’’کتاب الصلاۃ: باب الصلاۃ في الکعبۃ‘‘: ص: ۱۰۰، المکتبۃ الاسعدی، سہارنپور)

 فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج6 ص142


 

answered Jan 22 by Darul Ifta
...