70 views
کیا بعض انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے نکاح نہیں کیا؟
(۴۶)سوال:کیا فرماتے ہیں علماء کرام مفتیان عظام درجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں:
ایک مولانا صاحب نے اپنی تقریر کے دوران فرمایا کہ بعض انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے نکاح نہیں کیا ہے؟ کیا یہ بات تحقیق شدہ ہے؟ ’’نعوذ باللّٰہ‘‘ کیا وہ نکاح کرنے پر قدرت نہیں رکھتے تھے؟ مدلل جواب عنایت فرمائیں۔
فقط: والسلام
المستفتی: محمد ساجد، گرول بہار
asked Sep 26, 2023 in حدیث و سنت by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:قرآن کریم میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے حضرت یحییٰ علیہ السلام کی صفت کو بیان کیا ہے {اَنَّ اللّٰہَ یُبَشِّرُکَ بِیَحْیٰی مُصَدِّقًام بِکَلِمَۃٍ مِّنَ اللّٰہِ وَسَیِّدًا وَّحَصُوْرًا وَّنَبِیًّا مِّنَ الصّٰلِحِیْنَہ۳۹}(۱) اللہ تبارک وتعالیٰ آپ کو بشارت دیتا ہے یحییٰ علیہ السلام کی جن کے احوال یہ ہوں گے کہ وہ کلمۃ اللہ یعنی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نبوت کی تصدیق کرنے والے ہوں گے اور مقتدائے دین ہوںگے اپنے نفس کو لذات سے روکنے والے (عورت کے پاس نہیں جائیں گے) نبی اور صالحین میں سے ہوں گے، علامہ آلوسی رحمۃ اللہ علیہ لفظ ’’حصور‘‘ کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’وحصورا‘‘ عطف علی ما قبلہ ومعناہ الذي لا یأتي النساء مع القدرۃ علی ذلک والإشارۃ إلی عدم انتفاعہ علیہ السلام بما عندہ لعدم میلہ للنکاح لما أنہ في شغل شاغل عن تلک‘‘(۲)
مذکورہ عبارت سے معلوم ہوا کہ حضرت یحییٰ علیہ السلام کو نکاح کرنے کی قدرت تھی؛ لیکن آخرت کا خیال ان پر اس قدر غالب تھا کہ نہ ان کو بیوی کی ضرورت محسوس ہوئی اور نہ ہی بیوی بچوں کے حقوق ادا کرنے کی فرصت ملی؛ اس لیے حضرت یحییٰ علیہ السلام نے نکاح نہیں کیا، صاحب مرقاۃ ملا علی قاری رحمۃ اللہ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں ایک روایت نقل کی ہے:
’’عن عبد اللّٰہ بن عمرو رضي اللّٰہ عنہما قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ سلم: ینزل عیسیٰ بن مریم إلی الأرض فتزوج ویولد لہ‘‘(۱)
حضرت عیسیٰ علیہ السلام جب قرب قیامت میں نازل ہوں گے تو نکاح کریں گے۔
الحاصل: قرآن وحدیث کی روشنی میں معلوم ہوتا ہے کہ ان دو پیغمبروں نے نکاح نہیں کیا ہے، مولانا صاحب نے دورانِ تقریر جو بات کہی ہے وہ صحیح ہے۔
(۱) سورۃ آل عمران: ۳۹۔
(۲) علامہ آلوسي، روح المعاني، ’’آل عمران: ۳۹-۴۰‘‘: ج ۳،ص: ۱۴۸۔

(۱) ملا علي قاري، مرقاۃ المفاتیح، ’’کتاب الفتن: باب نزول عیسیٰ علیہ السلام، الفصل الأول‘‘: ج ۸، ص: ۴۱۸۔

فتاوی دارالعلوم، وقف دیوبند ج2ص233

answered Sep 26, 2023 by Darul Ifta
...