29 views
یورینل کے استعمال کا حکم:
(۴۴)سوال:کیا فرماتے ہیں علماء دین مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں:
ہمارے ایک رشتہ دار بہت دنوں سے بیمار ہیں وہ اٹھ کر بیٹھ نہیں سکتے اور نہ چل کر باتھ روم تک جانے کی طاقت رکھتے ہیں ایسی صورت میں وہ پیشاب کرنے کے لیے یورینل کا استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں؟ براہ کرم مدلل شریعت کی رہنمائی فرمائیں تاکہ ذہنی الجھن دور ہو سکے۔
فقط: والسلام
المستفتی: محمد مناظر حسن صدیقی، علی گڑھ
asked Dec 21, 2023 in طہارت / وضو و غسل by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:یورینل (Urinal) بطورِ خاص مریضوں کے پیشاب کرنے کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔ اس کی ضرورت تب ہی پیش آتی ہے جب مریض اُٹھ کر باتھ روم تک جانے کی قوت وطاقت نہ رکھتا ہو۔ یقینا ایسی صورت میں مریض باتھ روم جانے کا مکلف نہیں ہے؛ کیوںکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اتنے ہی کام کا مکلف ٹھہرایا ہے جتنا کہ اس میں استطاعت موجود ہے جیساکہ قرآن میں ہے:
{لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْسًا إِلَّا وُسْعَہَا} (۱)
’’اللہ تعالیٰ کسی جان کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا‘‘
ایک اورآیت میں ہے کہ {فَاتَّقُوْا اللّٰہَ مَا اسْتَطَعْتُمْ} (۲)
’’پس جہاں تک تم سے ہوسکے اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو‘‘
اور امام بخاریؒ نے ایک روایت نقل کی ہے ’’وإذا أمرتکم بأمر فأتوا منہ ما استطعتم‘‘(۳)
’’جب میں تمہیں کسی کام کا حکم دوں تو حسب استطاعت اس پر عمل کرلیا کرو‘‘
حدیث سے یہ بھی ثابت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بیماری کی حالت میں چار پائی پر ایک لکڑی سے بنے برتن میں ہی پیشاب کرلیا کرتے تھے۔ جیسا کہ اس حدیث میں ہے: ’’کان للنبي قدح من عیدان تحت سریرہ یبول فیہ باللیل‘‘(۴)
اس حدیث کی شرح میں علامہ شمس الحق عظیم آبادی فرماتے ہیں کہ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم حالت مرض میں ایسا کیا کرتے تھے‘‘(۵)
مذکورہ آیات اور احادیث سے معلوم ہوا کہ مریض کے لیے یورینل کا استعمال مباح وجائز ہے؛ البتہ ہوش مند مریض کے لیے پیشاب کے بعد استنجا کرنا ضروری ہے۔ اگرپانی سے استنجا ممکن نہ ہو، تو مٹی کے ڈھیلے استعمال کرے، اگر یہ بھی ممکن نہ ہو، تو ٹشو پیپر سے ہی استنجا کرلے۔

(۱) سورۃ البقرۃ: ۲۸۶۔                    (۲) سورۃ التغابن: ۱۶۔
(۳) أخرجہ البخاري، في صحیحہ، ’’کتاب الاعتصام بالکتاب والسنۃ: باب الاقتداء بسنن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم‘‘: ج ۲، ص: ۱۰۸۲، رقم: ۷۲۸۸۔
(۴) أخرجہ أبوداود، في سننہ، ’’کتاب الطہارۃ: باب الرجل یبول باللیل في الإناء‘‘: ج ۱، ص:۵ رقم: ۲۴۔(مکتبۃ نعیمیہ دیوبند)
(۵) شمس الحق عظیم آباد، عون المعبود شرح أبوداود: ج ۱، ص: ۲۸۔(القاھرۃ: القدس للنشر والتوزیع، مصر)

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج3 ص419

 

answered Dec 21, 2023 by Darul Ifta
...