تازہ خبریں
- Details
- Created: Thursday, 06 March 2014 11:10
عالم اسلام کے مشہور مفکر عالم عرب کے سربراہ عالم دین فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر یوسف القرضاوی
کی عربی مجلۂ محکمہ ’’وحدۃ الامہ‘‘ کے ایڈیٹوریل بورڈ میں شمولیت
عربی مجلۂ محکمہ ’’وحدۃ الامۃ‘‘ کے ایڈیٹوریل بورڈ میں کئی اہم شخصیات کی شمولیت عمل میںآچکی ہے، عالم اسلام کے مشہور مفکر، معروف مصنف اور عالم عرب کے سربراہ عالم دین فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر یوسف القرضاوی نے مجلہ ’’وحدۃ الامہ‘‘ کے ایڈیٹوریل بورڈ میں شمولیت کی دعوت کو قبول فرمایا اور دارالعلوم وقف دیوبند کے تحقیقی شعبہ ’’حجۃ الاسلام اکیڈمی‘‘ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حجۃ الاسلام اکیڈمی کی اس مختصر ترین مدت میں محیر العقول خدمات قابل ستائش ہیں۔ اس علمی سلسلہ میں ہر قسم کے علمی تعاون کو میں اپنے لئے سعادت سمجھتا ہوں۔
شیخ القرضاوی نے کہا کہ اس تحقیقی شعبہ کا حجۃ الاسلام محمد قاسم النانوتوی کی عظیم شخصیت کی جانب انتساب اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس شعبہ کا دائرہ کار بے حد وسیع ہے۔انہوں نے عربی مجلہ ’’وحدۃ الامہ‘‘ کو عظیم علمی خدمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ مجلہ ’’وحدۃ الامہ‘‘ مسلمانانِ عالم کے اتحاد و اتفاق کا باعث ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر یوسف القرضاوی کو حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور ’’وحدۃ الامہ‘‘ کے ایڈیٹر مولانا محمد شکیب قاسمی نے ایک خط کے ذریعہ دعوتِ شمولیت دی تھی۔