تازہ خبریں
- Details
- Created: Sunday, 23 March 2014 06:00
عالمی سطح پرحضرت مولانازبیرالحسن کاندھلوی رحمۃا للہ علیہ کی تبلیغی خدمات ناقابل فراموش ہیں
پریس ریلیز: ۲۰مارچ / امیر تبلیغی جماعت حضرت مولانا زبیر الحسن کاندھلوی صاحبؒ کے سانحۂ ارتحال پر دارالعلوم وقف دیوبند میں آج ایصال ثواب اور تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جامعہ کے نائب مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب نے اس نشست میں مرحوم کے لئے دعا کرائی ، مولانا نے حضرت مرحوم کی دعوتی خدمات کو ان کے لئے زاد مغفرت قرار دیا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا زبیر الحسن کاندھلوی کی وفات بلاشبہ مسلمانانِ عالم کے لیے ایک عظیم حادثہ ہے، عرصۂ دراز پرمحیط ان کی دعوتی و تبلیغی خدمات اور دینِ اسلام کی اشاعت کے حوالے سے عالمی پیمانے پر ان کی کوششیں فراموش نہیں کی جا سکتیں، انھوں نے دعوت و تبلیغ کو اپنا مقصدِ حیات بنایا اور اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی تمام زندگی صرف کردی وہ مجاہد صفت داعئ اسلام آج ہمارے درمیان سے رخصت ہوگیا، ان کی رحلت پر برادرانِ اسلام کی سوگواری اور ہر ایک کے ذہن میں اس خلاء کے پرُ نہ ہونے کا خیال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آپ کی گراں قدر دعوتی خدمات عند الناس تو مقبول تھیں ہی عند اللہ بھی مقبول ہیں۔
مولانا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ پسماندگان اور اراکین شوری مرکز نظام الدین کے لئے دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا محمد سالم قاسمی کا تعزیتی پیغام دو رکنی وفد کے ہمراہ دہلی ارسال کیا گیا ، اس وفدنے اراکین شوری مرکز نظام الدین کو براہ راست بھی تعزیت پیش کی۔
اس تعزیتی نشست میں ادارہ کے جملہ اساتذہ ، کارکنان اور تمام طلبہ شریک رہے۔