تازہ خبریں
- Details
- Created: Friday, 09 May 2014 06:03
درس مسلسلات کا انعقاد
دیوبند 8 مئی (پریس ریلیز)
دارالعلوم وقف دیوبند میں گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی آج حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب نے مسلسلات کا آخری درس دیا۔ اس موقع پر مولانا نے فرمایا کہ مسلسلات کی احادیث درحقیقت محدثین کرام کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بے پناہ عشق و محبت کا مظہر ہیں کہ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جس انداز میں احادیث صحابہؓ سے بیان کیں، صحابہؓ نے وہ احادیث بھی یاد رکھیں اور آپؐ کا طرز عمل بھی یاد رکھا۔ اسی طرح بعد کے محدثین نے اُس طریقے کو باقی رکھا۔ چنانچہ آپ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے حدیث بیان کرتے وقت صحابی کو کھجور اور پانی پیش کئے تو محدثین کرام نے بھی وہ احادیث بیان کرتے وقت کھجور اور پانی پیش کیا۔ مولانا نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے عشق اورمحبت ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ جس میں کبھی بھی کمزوری اور اضمحلال پیدا نہیں ہوسکتا۔ آپؐ نے اس موقع پر توکل علی اللہ اور اتباع سنت کی تلقین کی اور دین کے مختلف میدانوں میں علمائے دیوبندکے مجاہدانہ کارناموں کا بھی ذکر فرمایا۔ آپ ہی کی دعا سے اس مجلس کا اختتام ہوا۔ بعد میں طلبہ کو کھجور اور پانی پیش کیاگیا۔ مسلسلات کی اس تقریب میں دیوبند اور قرب و جوارکے مدارس کے بہت سے طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام اساتذہ، طلبہ و کارکنان ادارہ موجود رہے۔