تازہ خبریں
- Details
- Created: Wednesday, 11 June 2014 04:04
دارالعلوم وقف دیوبند میں ختم بخاری شریف کا اہتمام، مولانا محمد سالم قاسمی نے بخاری شریف کا آخری درس دیا
طلبۂ مدارس کے تحفظ کے لئے مدارس کے ذمہ داران سے بات کرکے منظم کوشش کی جارہی ہے: مولانا محمد سفیان قاسمی
(دیوبند26 مئی؍پریس ریلیز)
ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں ختم بخاری شریف اور دعاء کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سالم قاسمی نے طلبہ کو بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ موجودہ زمانہ کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم بغیر عمل کے سود مند نہیں۔ آپ علم کے ساتھ ساتھ زیور عمل سے بھی آراستہ ہوں۔ آج آپ ادارہ کی چہار دیواری سے نکل کر میدان عمل میں قدم رکھ رہے ہیں۔ اشاعتِ دین کی عظیم ذمہ داری اب آپ کے کاندھوں پر ہے، آپ کو مثبت انداز میں تبلیغ دین اور دعوت الی اللہ کا فریضہ انجام دینا ہے۔ مولانا نے اپنے درس کے دوران امام بخاریؒ کے فضل و کمال اور علم حدیث کے تعلق سے اُن کے علمی کارناموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام بخاریؒ نے ذخیرۂ احادیث کی تلاش و جستجو اور اس کی حفاظت کے لئے دور دراز کے اسفار کئے اور اس عمل کے لئے اپنی زندگی وقف کردی۔
دریں اثناء ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے مظفرنگر میں حادثہ کا شکار ہوئے طالب علم محمد مبارک کے انتقال پر اور دوسرے طالب علم ابوصباح کی نازک حالت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی دعائے مغفرت کی درخواست کی۔ مولانا نے کہا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام سے بات چیت کی جارہی ہے،نیز مغربی اترپردیش کے مدارس کے طلبہ کو امن و امان اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے مدارس کے ذمہ داران سے خصوصی رابطہ اور بات چیت کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اربابِ مدارس کو اس اہم مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر منظم تحریک کی شکل میں عملی اقدامات کرکے طلبہ کے تحفظ کو ممکن بنانا ہوگا۔ خاص طورپر دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف دیوبند، مظاہر علوم سہارنپور اور دیگر اہم مدارس کے ذمہ داران کو اس سلسلہ میں مشترکہ طور پر کوشش کرنی ہوگی۔ مولانا نے طلبہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مدارس کا وجود طلبہ سے ہے اور طلبہ کو تحفظ فراہم کرانا ذمہ دارانِ مدارس کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی، مولانا عبداللطیف مفتی احسان ، مفتی محمد عارف، قاری محمد واصف، مولانا شمشاد ، مولانا نظیف احمد، مولانا حسنین ارشد، مولانا عبداللہ ابن القمر، وغیرہ موجود رہے۔
جاری کردہ
محمد سفیان قاسمی
نائب مہتم دارالعلوم وقف دیوبند