Select Language
EN  |  UR  |  AR

    فوری لنکس  

تازہ خبریں

دارالعلوم وقف دیوبند میں مجلس مشاورت (شوریٰ) کا قیام
پہلے مشاورتی اجلاس میں ملک کے مقتدر علماء اور دانشوران قوم کی شرکت

 

(پریس ریلیز)

ایشیا کی عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم وقف دیوبند نے ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے مجلس مشاورت تشکیل دی جس کا پہلا اجلاس آج امام قاسم لائبریری میں منعقد کیا گیا، اس موقع پر تمام اراکین مجلس مشاورت کی موجودگی میں خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند نے ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لائے ہوئے معزز اراکین مجلس مشاورت کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ضعف و نقاہت اور کمزوری وپیرانہ سالی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: ’’مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اراکین مجلس مشاورت میرے ضعف ونقاہت کو اور منصب اہتمام کے کثرت کار اس بابت غور وخوض فرمائیں تاکہ آپ کی آراء ادارے کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں‘‘۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب نے دارالعلوم وقف دیوبند کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے تمام شعبہ جات کے طریقۂ کار پر روشنی ڈالی اور ادارہ کی انتظامی، تعلیمی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
اس کے بعد جامعہ کے اہم شعبہ جات، شعبۂ تعلیمات، شعبۂ تنظیم وترقی اور شعبۂ محاسبی کے نظماء نے اپنے اپنے شعبوں کی سالانہ تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس پر تمام اراکین نے اطمینان کا اظہار کیا اور دارالعلوم وقف دیوبند کی حالیہ ترقیات پر خوشی کا اظہار کیا نیز ادارہ کے انتظامی وتعلیمی امور کے تعلق سے بعض اہم تجاویز پیش ہوئیں۔
اراکین شوریٰ نے اس تجویز پر بھی اتفاق کیا کہ دارالعلوم وقف دیوبند کی زیر نگرانی ایسے اسکولوں کا قیام عمل میں آئے کہ جن میں عصری تعلیم کو اسلامی ماحول میں فراہم کیا جائے، اس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو دارالعلو م ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی صاحب کی نگرانی میں اگلی میٹنگ میں لائحہ عمل پیش کرے گی۔
دارالعلوم وقف دیوبند میں شعبۂ انگریزی کا ایک مستقل شعبہ کی حیثیت سے قیام عمل میں لانا بھی بتائید اراکین شوریٰ و باتفاق حضرت مہتمم صاحب منظور کر لیا گیاہے
بعد ازاں رکن شوریٰ وعاملہ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الٰہ آبادی اور مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی صاحب نے اپنی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ: ’’حضرتِ والا کا اپنی کمزوری واضمحلال اور ضعف ونقاہت کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں ادارے کی منصبی ذمہ داریوں کے تعلق سے فکر مندی ایک طبعی تقاضہ ہے لیکن حضرات کا ادارے سے علمی وتعلیمی انتظامی واصلاحی ذمہ دارانہ انتساب آپ کی شخصیت کا جزو لا ینفک تصور کیا جاتا ہے، لہذا اگر دارالعلوم وقف دیوبند میں صدر مہتمم کے عہدے کی تجدید منظور کر لی جائے تو جہاں ایک طرف حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب کے سایۂ عاطفت کی معنوی خیر وبرکات بھی ادارے پر سایہ فگن رہیں گی وہیں دوسری جانب حضرتِ والا کا ادارے کے ساتھ دائمی انتساب ادارے کے لیے ظاہری ومعنوی ترقیات کی ضمانت بھی ہوگا، ہم مناسب سمجھتے ہیں کہ مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب منصب اہتمام کی ذمہ داریاں قبول فرمالیں جو کہ ایک طویل ترین عرصہ سے حضرتِ والا کے زیر سایہ وزیر نگرانی بحیثیت نائب مہتمم اپنی حسن کارکردگی پیش کر رہے ہیں اور بزرگانِ امت اور عامۃ الناس میں ماشاء اللہ موصوف کی بے حد مقبول ومعتمد حیثیت قائم ہے، ہم بطور تجویز جناب مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب کا نام بطور مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند پیش کرتے ہیں‘‘۔
اس کے بعد رکن شوریٰ امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی صاحب باقوی ، حضرت مولانا محمد اسلم صاحب قاسمی ، حضرت مولانا عبد اللہ اسماعیل پٹیل کاپودروی، ڈاکٹر انور سعید اور دیگرتمام اراکین مجلس مشاورت نے متفقہ طور پر اس تجویز کی تائید کی اور حضرت مہتمم صاحب نے اس کو قبول وتحسین فرما کر مؤرخہ ۷؍ذی قعدہ ۱۴۳۵ھ مطابق ۳؍ستمبر ۲۰۱۴ء سے نافذ العمل قرار دیا۔ حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب کی دعا پر اجلاس کے اختتام کے بعد تمام اراکین مجلس مشاورت نے ادارے کا معائنہ کیا۔
مجلس مشاورت دارالعلوم وقف دیوبند کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین شوریٰ میں خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب دامت برکاتہم۔ مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، شیخ طریقت حضرت مولانا محمد قمرالزماں صاحب دامت برکاتہم۔ الامین العام: المدرسۃ العربیۃ بیت المعارف۔ الہ آباد، جناب حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن صاحب اعظمی دامت برکاتہم۔مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، جناب حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب دامت برکاتہم۔ صدر المدرسین وناظم تعلیمات دارالعلوم وقف دیوبند، امیر شریعت جناب حضرت مولانا مفتی محمد اشرف علی صاحب دامت برکاتہم۔ مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد (عربک کالج) بنگلور، جناب حضرت مولانا عبد اللہ اسماعیل پٹیل صاحب کاپودروی دامت برکاتہم۔ کاپوردرہ۔ انکلیشور گجرات، جناب حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مدظلہٗ۔ نائب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، جناب حضرت مولانا سید احمد خضر صاحب مسعودی مدظلہٗ۔ شیخ الحدیث دارالعلوم وقف دیوبند، جناب حضرت مولانا مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی صاحب مدظلہٗ۔ صدر مفتی دارالعلوم وقف دیوبند ومفتی اعظم پنجاب، جناب یعقوب قریشی صاحب ۔ سابق وزیر حکومت یوپی میرٹھ،جناب ڈاکٹر انور سعید صاحب ۔ جنرل سیکریٹری جامعہ طبیہ دیوبند، جناب حضرت مولانا محمد زکریا نانوتوی صاحب مدظلہٗ، جناب حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن صاحب فتحپوری۔ ممبئی اور جناب حافظ اقبال عبد الستار چونا والا۔ ممبئی کے نام قابل ذکر ہیں۔