تازہ خبریں
- Details
- Created: Saturday, 13 December 2014 14:56
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہٗ کی آمد
حضرت خطیب الاسلام کے مایہ ناز تلمیذ رشید حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم ناظم و بانی المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد و جنرل سیکریڑی اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا اپنے استاذ خاص خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی زید مجدہ صدر مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند سے خصوصی ملاقات و دعاء کی درخواست کے لیے دیوبند تشریف لائے۔
انھوں نے استاذ محترم مدظلہٗ کی قیام گاہ ’’آستانۂ قاسمی‘‘ پر طویل ملاقات کے دوران ملی و دینی مسائل کے ساتھ ساتھ ملک کے موجودہ حالات اور اس کے حل پر طویل گفتگو کی اور اس کے بعد ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی مدظلہٗ و دیگر مہمانوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر خصوصاً مسئلہ کشمیر اوروہاں آئے سیلاب کے بارے میں اپنے عینی مشاہدات کا تذکرہ کیا، اور مسلمانوں کی عالمی زبوں حالی اور اس کے اسباب پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ناشتہ سے فارغ ہوئے۔
اس کے فوراً بعد دارالعلوم وقف دیوبند کی علمی تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، نیز ان کی آمد پر منعقد ہونے والی خصوصی نشست میں انھوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج معاشرے کو ایسے علماء کی سخت ضرورت ہے جن کے علم میں گیرائی و گہرائی کے ساتھ فکر میں وسعت و کشادگی بھی ہو، ان کا علم قوی ہو اور قرآن و سنت پر ان کی گہری نظر ہو تاکہ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں امت کے جدید پیش آمدہ مسائل کا تشفی بخش جواب دے سکیں، مولانا نے اپنے خطاب سے قبل دارالعلوم وقف دیوبند میں تحقیق و ریسرچ کے لیے قائم کی گئی ’’حجۃ الاسلام اکیڈمی‘‘ کی سرگرمیوں اور علمی میدان میں اس کی تیز رفتار پیشرفت کو خوش آئند قراردیا اور اس پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی نے علمائے دیوبند کی خدمات کو مختلف زبانوں میں منتقل کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ عرب اورمغربی ممالک کو یکساں طور پر دیوبند کی علمی خدمات سے روشناس کرانے میں اہم ذریعہ ثابت ہوگا،اسی دوران انھوں نے اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی کو تحقیقی منصوبوں کے سلسلہ میں بعض اہم امور کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔