تازہ خبریں
- Details
- Created: Wednesday, 17 December 2014 14:40
پشاورمیں رونما ہوادلسوز حادثہ انسانیت کے خلاف بدترین جرم: خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی
آرمی پبلک اسکول پشاورمیں کیا گیا دہشت گردانہ حملہ سراسر بزدلانہ حرکت : حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی
پاکستان کے مشہور شہر پشاور میں گذشتہ روز پیش آنے والے نہایت خونیں،دلدوز اور انسانیت سوز واقعہ اور اس میں کم وبیش ڈیڑھ سو افراد کے ناحق خون کئے جانے پر آج یہاں ایشیاء کی عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں ادارے کے صدر مہتمم مولانا محمد سالم قاسمی نے سخت مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور حادثہ انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے انہوں نے کہا کہ مہلوکین کا تعلق ایک اسکول سے ہے جن کا کسی بھی حیثیت سے تشدد پسند طبقہ سے کوئی محاذ آرائی یا مقابلہ آرائی کرنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا ان لوگوں کا تعلیم و تعلم سے وابستہ ہونا خود اس بات کی دلیل ہے کہ وہ معصوم اور بے قصور ہیں ،اس قسم کی جملہ کاروائیاں جن کے اندر معصوم بچوں اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بناکر انکے خون سے ہولی کھیلی جاتی ہے یہ انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے اس قسم کی وحشیانہ اور سفاکانہ کاروائی انجام دینے والے خواہ کوئی بھی ہوں اور جہاں کہیں بھی ہوں انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہو سکتے افسوس اس بات کا ہے کہ انسانیت کے خلاف یہ جرم کی بدترین مثال ایسے ملک میں قائم کی گئی ہے جو ایک مسلم ملک ہے اور اسکے باشندے اسلام کے نام لیوا ہیں حالانکہ دنیا میں اسلام ہی وہ پہلا مذہب ہے جس نے عزت نفس ،اخلاق و اقدار ، اور انسانی جان کے احترام کے سلسلے میں سب سے زیادہ معیاری اور بلند تعلیمات سے اقوام عالم کو روشناش کرایا تھا ۔اس موقع پر ادارے کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے دلسوز سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے اس طرح کی قتل و غارت گری کو کسی بھی لحاظ سے روا قرارنہیں دیا ہے ۔اسلام کا واضح اعلان ہے جس نے کسی شخص کو ناحق قتل کیا گویا اس نے پوری انسانیت کا خون بہایا اور جس نے کسی ایک بے گناہ کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا ،مولانا نے حدیث نبوی کے حوالے سے کہا کہ ایک موقع پر پیغمبر اسلام نے اخوت و مساوات کی تعلیم دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا ۔مولانا نے مزید کہا کہ جنگ کی صورتحال برپا ہونے کے وقت بھی اسلام نے مسلمانوں کو انسانی قدروں اور بلند ترین اخلاقی روایا ت سے انحراف نہ کرنے کا سخت حکم دیا ہے اس پس منظر میں آرمی پبلک اسکول پشاورمیں کیا گیا دہشت گردانہ حملہ سراسر بزدلانہ حرکت ہے ۔جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہئے ۔مولانا قاسمی نے کہا کہ دین اسلام سے ادنی درجہ کا تعلق رکھنے والے لوگ بھی اس قسم کی غیر انسانی حرکت کا ارتکاب نہیں کرسکتے ہم اور تمام ہی انسانیت دوست حضرات مہلوکین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور انکے مغموم و افسردہ لواحقین کو دل کی گہرائیوں کے ساتھ تعزیت پیش کرتے ہیں ۔اور اس موقع پراس چیز کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے ہیں کہ اس واقعہ کی باریکی کے ساتھ تفتیش کی جائے ۔اور قصوروراوں کو جلد از جلد بدترین سزا دی جائے ۔