تازہ خبریں
- Details
- Created: Thursday, 02 April 2015 10:48
دارالعلوم وقف دیوبند میں منعقد مجلس مشاورت کے اجلاس میں ملک بھر سے اراکین کی شرکت
مفاد ادارہ میں کئی اہم تجاویز کو منظوری، ادارہ کی ترقی کے لئے متعدد تاریخی فیصلے
(پریس ریلیز)02/04/2015
آج بتاریخ ۲؍ اپریل ۲۰۱۵ء بروز جمعرات بمقام لائبریری دارالعلوم وقف دیوبند بوقت ۱۰؍ بجے صبح دارالعلوم وقف دیوبند کی مجلس شوری (مجلس مشاورت) کا اجلاس مدرسہ عربیہ بیت المعارف الٰہ آباد کے امین عام حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الٰہ آبادی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ دارالعلوم وقف دیوبند کی تعلیمی و تعمیری ترقیات کے لئے لائحۂ عمل تیار کرنے کے لئے مجلس مشاورت کے تمام اراکین نے اس اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کا آغازرکن مشاورت جناب مولانا قاری عبداللہ میاں صاحب مہتمم جامعہ اصلاح البنات ڈابھیل کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض رکن مشاورت و شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی نے انجام دیئے، مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند نے ایک مفصل رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے دارالعلوم وقف دیوبند کی ہمہ گیر ترقیات کا ذکرکرتے ہوئے ادارہ میں جاری تعمیری و انتظامی سرگرمیوں سے اراکین مشاورت کو مطلع کیا۔
مولانا محمد سفیان قاسمی نے ادارہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم وقف دیوبند اشاعتِ علم اور حفاظت دین کا ایک عظیم مرکز ہے، اسلامی افکار اور دینی اقدار کے احیاء و بقاء میں اس دینی درسگاہ اور اس کے بلند نگاہ فضلاء اور علماء نے بے مثال کردار ادا کیا ہے۔
اہتمام کی مفصل رپورٹ کے بعد دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر المدرسین حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب نے تعلیمی رپورٹ بابت ۱۴۳۶ ھ پیش کی جس میں انہوں نے ادارہ کے تعلیمی نظم و انضباہ کے لئے جاری کوششوں کابھی ذکر کیا۔ تعلیمی رپورٹ کے بعد شعبۂ بحث و تحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی کی رپورٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی نے پیش کی، جناب طیب رضوی نے شعبۂ محاسبی کی رپورٹ پیش کی جو سالِ گذشتہ کے آمد و صرف کی تفصیلات اور آئندہ سال کے بجٹ پر مشتمل تھی۔ ناظم تنظیم و ترقی مولانا احمد فراز صدیقی نے تنظیم و ترقی کی رپورٹ پیش کی اور فراہمئ مالیات کے لئے جاری جد و جہد سے اراکین کو باخبر کیا۔
تمام ہی اراکین نے پیش کردہ رپورٹوں کی توثیق کی۔ اس اجلاس میں دارالعلوم وقف دیوبند کی اوقاف اور’’ دارالاقامہ‘‘ و’’ اطیب المساجد‘‘ کی توسیع پر غور و خوض کے ساتھ مفاد ادارہ میں کئی ایک ضروری امور پر گفت و شنید اور تبادلۂ خیال جاری رہا۔
اجلاس کے دوران مفادِ ادارہ میں متعدد تجاویز پیش ہوئیں جنہیں مہتمم، صدراجلاس و جملہ اراکین مشاورت کے اتفاق سے منظوری دی گئی۔ منظور شدہ تجاویز میں قابل ذکر تجاویز (۱) دارالعلوم وقف دیوبند کے اساتذہ و ملازمین کے وظائف میں خاطر خواہ اضافہ (۲) سہ ماہی انگریزی میگزین کا اجرا (۳) شعبۂ انگریزی کا ایک مستقل شعبہ کی حیثیت سے قیام (۴)’’رابطہ فضلائے دارالعلوم وقف دیوبند ‘‘کے نام سے ایک مستقل شعبہ کا قیام ہیں۔
اجلاس میں مشاورت کے ارکان مولانا قمرالزماں صاحب الٰہ آبادی، مولانا سعید الرحمن اعظمی مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، مفتی اشرف علی باقوی مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد عربک کالج بنگلور (کرناٹک)، مولانا محمد اسلم قاسمی صدر المدرسین ، مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کشمیری شیخ الحدیث،مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی مفتی اعظم پنجاب، حاجی یعقوب قریشی میرٹھ، ڈاکٹر انور سعید جنرل سکریٹری جامعہ طبیہ دیوبند، مفتی عزیز الرحمن فتح پوری (ممبئی)، مولانا زکریا نانوتوی، مولانا قاری عبداللہ میاں (گجرات)، حافظ اقبال عبدالستار چوناوالا(ممبئی) نے شرکت کی۔
اجلاس کے اخیر میں دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور صدر اجلاس مولانا قمرالزماں صاحب الٰہ آبادی کی دعا پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔
میٹنگ کے بعد تمام اراکین نے ادارہ کی تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اطیب المساجد اور دارالاقامہ کے تعمیری کام کا معائنہ کیا اور مجوزہ عمارت دارالقرآن دارالعلوم وقف دیوبند کا سنگ بنیاد رکھا اور ادارہ کی ہمہ گیر تعلیمی و تعمیری ترقی کے لئے دعا کی۔