تازہ خبریں
- Details
- Created: Saturday, 09 May 2015 03:52
علم ایک بیش بہا دولت اور گراں قدر انعام خداوندی ہے: خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی
دارالعلوم وقف دیوبند کے سالانہ جلسہ تقسیم انعامات میں صدر مہتمم کا اظہار خیال
پریس ریلیز 23/04/2015
ہر سال کی طرح اس سال بھی دارالعلوم وقف دیوبند کا سالانہ جلسۂ انعامیہ دارالحدیث میں منعقد کیا گیا، جلسۂ انعامیہ میں اساتذۂ کرام کے ہاتھوں سے سالِ گذشتہ امتحانِ سالانہ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو گراں قدر انعامات سے نوازا گیا، جلسۂ انعامیہ خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب مدظلہ صدر مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کی صدارت میں منعقد ہوا جب کہ نظامت کے فرائض مولانا اسلام اور مولانا مفتی احسان صاحب نے مشترکہ طور پر انجام دیئے، جلسۂ انعامیہ کا آغاز مولانا قاری محمد واصف صاحب کی تلاوت سے ہوا۔
حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب مدظلہ ناظم تعلیمات وصدر المدرسین دارالعلوم وقف دیوبند ضروری سفر در پیش ہونے کی وجہ سے اجلا س میں شریک نہ ہو سکے اور رپورٹ مجلس تعلیمی بابت ۱۴۳۶ھ حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مدظلہ مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند نے پیش کی، تعلیمی رپورٹ میں دارالعلوم وقف دیوبند کی تعلیمی پیش رفت کا ذکر کیا گیا اور شعبۂ تعلیمات کی سالانہ کارکردگی اور سرگرمی کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا، مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب نے تعلیمی رپورٹ پیش کرتے ہوئے طلبہ سے محنت ولگن اور شوق ودل چسپی کے ساتھ حصولِ علم میں مصروف رہنے کی تلقین کی، نیز ان سے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے اور اکابر دیوبند کے نقشِ قدم پر چل کر ہر محاذ پر دین اسلام کی خدمت انجام دینے کا عہد لیا۔
اس موقعہ پر تقریباً ۵؍لاکھ روپئے کے انعامات تقسیم کئے گئے، لہذا از اول تا دورۂ حدیث شریف بشمول جملہ تخصصات تمام درجات میں گذشتہ سال اوّل، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو امتیازی انعامات سے جب کے دیگر تمام طلبہ کو حسب نتائج خصوصی وعمومی انعامات سے نوازا گیا، واضح رہے کہ اس موقع پر پورے سال حاضر باش تقریباً ۳۲؍ طلبہ کو بھی تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔
سال گذشہ دورۂ حدیث شریف میں اول پوزیش حاصل کرنے والے مولوی محمد ساجد پنجابی، دوم پوزیشن حاصل کرنے والے مولوی معین الدین پرتاپ گڈھی اور سوم پوزیشن سے کامیابی حاصل کرنے والے مولوی عبد المنان دیناجپوری کو امتیازی انعامات سے سرفراز کیا گیا۔
خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم صاحب صدر مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ انعام حصولِ علم کے لیے آپ کی بے لوث محنتوں کی جزا ہے، مگر آپ کے لیے سب سے زیادہ بیش قیمت وبیش بہا اور حقیقی انعام وہ فیضِ علم ہے جو آپ نے اس درسگاہ سے حاصل کیا، مجھے یقین ہے کہ علم وآگہی کی یہ بیش بہا دولت جو آپ یہاں سے لے کر جا رہے ہیں اس کو ضائع نہیں ہونے دیں گے بلکہ اس کی حفاظت کریں گے اور میدانِ عمل میں جا کر اپنے اخلاق وکردار اور علم وعمل کی بنیاد پر نہ صرف یہ کہ معاشرہ میں نمایاں مقام حاصل کریں گے بلکہ ادارے کی نیک نامی کا بھی باعث بنیں گے۔
اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے جملہ اساتذہ وکارکنان موجود رہے۔