Select Language
EN  |  UR  |  AR

    فوری لنکس  

تازہ خبریں

بانئ دارالعلوم مولانا محمد قاسم نانوتوی کے آفاقی افکار کی ترویج حجۃ الاسلام اکیڈمی کا اولین مقصد : مولانامحمد شکیب قاسمی
کل ہند مسابقہ الامام محمد قاسم نانوتوی کے نتائج کا اعلان، شرکاء مسابقہ کو گراں قدر نقد انعامات                                  


(پریس ریلیز) دیوبند 9مئی 2015
عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند کے شعبۂ تحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام مسابقہ الامام محمد قاسم نانوتویؒ کے دوسرے دور بابت 2015ء کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا۔ نسل نو کو فکر قاسمی سے قریب کرنے کے لئے اور بڑے پیمانے پر حضرت نانوتوی کے افکار و نظریات کی ترویج و اشاعت کے لئے یہ مسابقہ حجۃ الاسلام اکیڈمی ہر سال منعقد کرتی ہے۔ دراصل یہ ایک صحافتی مقابلہ ہوتا ہے جس میں صرف عربی زبان میں ہی مقالات قبول کئے جاتے ہیں۔
سالِ گذشتہ اس مسابقہ میں شرکت کرنے والے ممتاز مقالہ نگاروں کو گراں قدر نقد انعامات اور اعزازی اسناد سے سرفراز کیا گیا تھا جب کہ تین ممتاز مقالہ نگاروں کے مقالہ جات کو کتابی شکل میں بھی اکیڈمی منظر عام پر لاچکی ہے۔
سالِ رواں جن تین موضوعات پر مقالات طلب کئے گئے تھے وہ یہ ہیں: (۱)حضرت نانوتوی اور آزادئ ہند میں ان کا کردار (۲)حضرت نانوتوی بحیثیت بانی دارالعلوم دیوبند (۳)حضرت نانوتوی اور علم حدیث میں ان کی خدمات۔
دیوبند، لکھنؤ، دہلی، سہارنپور، علی گڑھ، حیدر آباد اور دیگر بڑے شہروں کی یونیورسٹیوں اور جامعات سے مذکورہ موضوعات پر بڑی تعداد میں عربی زبان میں مقالے موصول ہوئے۔حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر جناب مولانا محمد شکیب قاسمی نے مسابقہ الامام کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مسابقہ میں اول پوزیشن سے کامیاب محمد شاہد سیتاپور کو مبلغ 20 ہزار روپئے نقد اور سند اعزاز، دوم پوزیشن سے کامیاب ارشد پرویز پورنیہ کو مبلغ 15ہزار روپئے نقد مع سند اعزاز، سوم پوزیشن سے کامیاب ریحان غزالی بستی کو مبلغ 10ہزار روپئے نقد مع سند اعزاز اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے ثاقب قمر مدھوبنی کو مبلغ 5ہزار روپئے نقد مع سند اعزاز سے نوازا جائے گا۔ جب کہ عمدہ نمبرات سے کامیاب دیگر چھ مساہمین (۱)محمد سجاد مہاراشٹر (۲)عاصم کمال اعظم گڈھ (۳)ظفر الحسن ارریہ (۴)زبیر حسین حیدرآباد (۵)محمد رضوان مظفر نگر (۶)شرف عالم دربھنگہ میں سے ہر ایک کو تشجیعی طور پر ایک ہزار روپئے نقد انعام اور سند شکر و تقدیر نیز بقیہ تمام مساہمین کو صرف سند شکر وتقدیر سے نوازا جائے گا۔
مولانا محمد شکیب قاسمی نے مزید تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ مقالہ نگار حضرات فوری طور پر انعامات حاصل کرنے کے لیے حجۃ الاسلام اکیڈمی سے رابطہ کر سکتے ہیں البتہ پوزیشن حاصل کرنے والے چاروں ممتاز مقالہ نگاروں کو آئندہ سال منعقد ہونے والے اجلاس عام میں ہی ملک کی مقتدر شخصیات کے ہاتھوں سند اعزاز دی جائے گی، نیز اکیڈمی سے شائع ہونے والا مجلہ محکمہ ’’وحدۃ الامہ‘‘ انہیں دو سال تک اعزازی طور پر جاری کیا جائے گا۔ ساتھ ہی اجلاس کی حتمی تاریخ کا تعین ہونے کے بعد تحریری دعوت نامہ انہیں ارسال کر دیا جائے گا۔
اخیر میں انہوں نے اکیڈمی کے عزائم پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فکر نانوتوی کی ترویج و اشاعت کی غرض سے ممکنہ تدابیر پر عمل درآمد کے لئے اکیڈمی مسلسل سرگرم عمل ہے۔