Select Language
EN  |  UR  |  AR

    فوری لنکس  

تازہ خبریں

 

دارالعلوم وقف دیوبند  میں ایک اصلاحی مجلس کا انعقاد

 

دیوبند 24اگست (پریس ریلیز)
گذشتہ شب دارالعلوم وقف دیوبند کی دارالحدیث میں ایک اصلاحی مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس میں دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خلوص نیت کے ذریعہ اپنے علم کو بارآور بنائیں۔ اسلام میں ہر ایک کے حقوق و آداب متعین ہیں۔ اگر آپ حقوق و آداب کی رعایت کرتے ہوئے اپنے آپ کو خالص حصولِ علم میں مصروف رکھتے ہیں تو یہ آپ کے لئے دوہرے اجر کا باعث ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیرت رسول ہمارے لئے آئیڈیل اور نمونہ ہے اور اکابرین کے واقعات اور ان کے مواعظ ہمارے لئے نشانِ راہ۔ اسوۂ نبویؐ اور اکابر کے واقعات و مواعظ کو ہمیشہ اپنے مطالعہ میں رکھیں اور دیکھیں کہ آپؐ نے کتنی اذیتیں اور مشقتیں برداشت کرکے اللہ کا یہ پیغام ہم تک پہنچایا ہے اور اکابرین نے کتنے جاں گسل حالات پر صبر کرکے علم نبوی کو حاصل کیا اور اس کی اشاعتِ تبلیغ کی۔ ان کی روشنی میں آپ اپنے مستقبل کی راہ متعین کریں۔ آپ انبیاء کے وارث اور علماء کے جاں نشین ہیں، ان کے احوال، اقوال اور ان کے مواعظ آپ کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس دنیامیں خیر و شر دونوں پیدا فرمائے، اب یہ انسانوں پر چھوڑ دیا گیا کہ وہ خیر کی راہ اختیار کرتے ہیںیا شر کی۔ انسان فطری اور نفسی تقاضے کے بہاؤ میں شر کی راہ کو اختیار کرتا ہے۔ لیکن تمام تقاضوں کے باوجود شر کو ترک کرکے راہِ خیر اختیار کرنا دراصل اپنی اصلاح کرنا ہے اور اسی کا نام تقویٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ کی نت نئی ایجادات ہمارے لئے ضرورت بن گئی ہے لیکن ان کا استعمال ضرورت کی حد تک ہو تو مفید ہے، اگر ان چیزوں کا غلط استعمال کیا گیا تو یہ ہمارے لئے فساد کا ذریعہ بن جائے گا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نماز باجماعت کا اہتمام کریں، یوں تو نماز ہر مومن پر فرض ہے لیکن آپ کے لئے جماعت کا اہتمام دوسروں کی بہ نسبت زیادہ ضروری ہے۔ اس لئے کہ آپ امت کے قائد ہیں، آپ کو لوگوں کی اصلاح اور ان کی ہدایت کے لئے پیدا کیا گیا ہے ۔ آپ کے اقوال، آپ کے افعال، آپ کے کردار اور آپ کی گفتار پر لوگوں کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔ اگر خدانخواستہ آپ کے اندر کچھ نقص رہ گیا یا آپ کی اصلاح میں کچھ کمی رہ گئی تو لوگ آپ کی حرکات سے مستفیض ہونے کے بجائے آپ سے متنفر ہوں گے اور آپ کا بگاڑ امت کا بگاڑ ہوگا۔ اس لئے آپ مصلح بننے سے پہلے اپنی اصلاح کریں۔ اس وقت آپ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ بہت قیمتی ہے آپ اس کی قدر کریں۔ اس موقع پر مولانا نے دارالاقامہ میں اپنے کمروں کی عمدہ صفائی کرنے پر طلبہ کو گراں قدر انعام سے نوازا۔ نظامت کے فرائض مولانا شمشاد رحمانی نے انجام دئیے۔ اس موقع پر جملہ اساتذۂ جامعہ موجود رہے۔ مولانا سفیان قاسمی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔