تازہ خبریں
- Details
- Created: Thursday, 19 November 2015 07:38
دارالعلوم وقف دیوبند میں منعقد مجلس مشاورت کے اجلاس میں ملک بھر سے اراکین کی شرکت
(پریس ریلیز)
آج بتاریخ ۲۹؍ اکتوبر ۲۰۱۵ء بروز جمعرات بمقام لائبریری دارالعلوم وقف دیوبند بوقت ۱۰؍ بجے صبح دارالعلوم وقف دیوبند کی مجلس مشاورت کا اجلاس زیر صدارت خطیب الاسلام مولانا محمد سالم قاسمی صدر مہتمم دارالعلوم وقف دیوبندمنعقد ہوا ۔
دارالعلوم وقف دیوبند کی تعلیمی و تعمیری ترقیات کے لئے لائحۂ عمل تیار کرنے کے لئے ملک بھر سے مجلس مشاورت کے تمام اراکین نے اس اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کا آغازرکن مشاورت جناب مولانا قاری عبداللہ میاں صاحب مہتمم جامعہ اصلاح البنات ڈابھیل کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض رکن مشاورت و شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی نے انجام دیئے، مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند نے ایک مفصل رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے دارالعلوم وقف دیوبند کی ہمہ گیر ترقیات کا ذکرکرتے ہوئے ادارہ میں جاری تعمیری و انتظامی سرگرمیوں سے اراکین مشاورت کو مطلع کیا۔
مولانا محمد سفیان قاسمی نے ادارہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم وقف دیوبند اشاعتِ علم اور حفاظت دین کا ایک عظیم مرکز ہے، اسلامی افکار اور دینی اقدار کے احیاء و بقاء میں اس دینی درسگاہ اور اس کے بلند نگاہ فضلاء اور علماء نے بے مثال کردار ادا کیا ہے۔
نیزانہونے کہا کہ دارالعلوم وقف دیوبند اکابرین کی شب و روز کی دعوات سحر گاہی اور متوارث اخلاص کامل کی بارگاہ ایزدی میں قبولیت کی دلیل ہے، وہیں دوسری طرف ملک کے طول و عرض میں ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر قابل ذکر علمی اجتماعتیوں کی مجالس خیر میں بزبان خلق دعوات صالحہ و تذکرۂ خیر عنداللہ قبولیت و مقبولیت کی جانب اشارۂ غیبی ہے۔
اہتمام کی مفصل رپورٹ کے بعد دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر المدرسین وناظم تعلیمات حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب کی جانب سے تعلیمی رپورٹ بابت ۱۴۳۶ ھ پیش ہوئی ، جس میں ادارہ کے تعلیمی نظم و انضباط کے لئے جاری کوششوں کابھی ذکر کیا گیا۔ تعلیمی رپورٹ کے بعد ناظم تنظیم و ترقی مولوی احمد فراز صدیقی نے تنظیم و ترقی کی رپورٹ پیش کی اور فراہمئ مالیات کے لئے جاری جد و جہد سے اراکین کو باخبر کیا۔ جس کے بعد دارالعلوم وقف کے شعبہ بحث و تحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی کی رپورٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی نے پیش کی۔ تمام ہی اراکین نے پیش کردہ رپورٹوں کی توثیق کی۔ اس اجلاس میں دارالعلوم وقف دیوبند کے متعدد مسائل پر غور و خوض کرنے کے ساتھ مفاد ادارہ میں کئی ایک ضروری امور پر گفت و شنید اور تبادلۂ خیال جاری رہا۔
اجلاس کے دوران مفادِ ادارہ میں متعدد تجاویز پیش ہوئیں جنہیں مہتمم، صدراجلاس و جملہ اراکین مشاورت کے اتفاق سے منظوری دی گئی۔ منظور شدہ تجاویز میں قابل ذکر تجاویز (۱) شعبہ تدریب المعلمین کا باضابطہ قیام کرکے اس کا نصاب مقرر کیا جائے، نیز طریقہ تدریس اور اس سے متعلقہ امور مکمل طور سے واقف کرایا جائے (۲) شعبہ صحافت کا قیام عمل میں لایا جائے، جس میں صحافت کے جدید اسلوب و مناہج کو پیش نظر رکھا جائے اور حالات حاضرہ پر بھی مکمل نظر رہے (۳) ہندی زبان میں بھی ادارہ سے ایک رسالہ جاری کیا جائے (۴)فضلائے دار العلوم وقف سے روابط کو بڑھایا جائے، (۵) ملت اسلامیہ کو پیش آرہے متعدد مسائل کے حل کے لئے حجۃ الاسلام اکیڈمی کے تحت علمی وتحقیقی محاضرات کا انعقاد کیا جائے۔
اجلاس کے آغاز میں ملک وبیرون ملک کے مختلف نامور علماء کرام کی رحلت اور دوران حج پیش آئے دردناک حادثوں پر اراکین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی قراردادمنظور کی۔
اجلاس میں مشاورت کے ارکان حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب صدر مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الٰہ آبادی، مولانا سعید الرحمن اعظمی مہتمم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، مولانا عبد اللہ کاپودروی صاحب مفتی اشرف علی باقوی مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد عربک کالج بنگلور (کرناٹک)،مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کشمیری شیخ الحدیث،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا، مولانا مفتی عزیز الرحمن فتح پوری (ممبئی)، مولانا زکریا نانوتوی، مولانا قاری عبداللہ میاں (گجرات)، حافظ اقبال عبدالستار چوناوالا(ممبئی) ، جناب الحاج غلام نبی برتا صاحب (کشمیر)نے شرکت کی۔
اجلاس کے اخیر میں دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مہتمم حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب نے کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور حضرت مولانا قمر الزماں صاحب کی دعا پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔