38 views
بچے کی پیدائش پر اذان کا حکم:
(۱۱۷)سوال:کیا فرماتے ہیں علماء دین شرع متین درج ذیل مسئلہ کے بارے میں:
بچے کی پیدائش کے بعد جو اذان دی جاتی ہے کیاعام اذانوں کی طرح اس اذان کا جواب دینا بھی ضروری ہے؟ نیز مذکورہ اذان واجب ہے، سنت ہے یا مستحب؟ جواب دے کر ممنون فرمائیں۔
فقط: والسلام
المستفتی: محمد طیب، رامپور، یوپی
asked Jan 13 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:بچے کے کان میں جو اذان دی جاتی ہے اس اذان کا جواب دینا شریعت اسلامیہ میں مستحب ہے؛ اس لیے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے مطلقاً اذان سننے والے کو جواب دینے کے بارے میں ارشاد فرمایا ہے۔ جیسا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک روایت نقل کی ہے:
’’إذا سمعتم النداء فقولوا مثل ما یقول المؤذن، وأیضاً: قال یحی وحدثني بعض إخواننا: أنہ قال: لما قال حي علی الصلوٰۃ قال: لا حول ولا قوۃ إلا باللّٰہ وقال: ہکذا سمعنا نبیکم صلی اللّٰہ علیہ وسلم یقول‘‘(۲)
مرد ہو یا عورت جو کوئی اذان کی آواز سنے اور مؤذن جو الفاظ کہے اسی کو دہرائے؛ لیکن جب مؤذن ’’حي علی الصلوٰۃ‘‘ اور حي علی الفلاح‘‘ کہے تو سننے والا ’’لا حول ولا قوۃ إلا باللّٰہ‘‘ کہے گا۔
اس سلسلے میں علامہ حصکفی رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے: کیا نماز کی اذان کے علاوہ دیگر اذانوں کا بھی جواب دیا جائے گا، مثلاً بچے کی پیدائش کے وقت اذان دینا وغیرہ؟ اس کا جواب خود دیتے ہیں کہ میں نے اس مسئلہ پر اپنے ائمہ میں سے کسی کی تصریح نہیں دیکھی مگر ظاہر ہے کہ دیگر اذانوںکی طرح اس اذان کا جواب بھی دیا جائے گا۔
’’ھل یجیب أذان غیر الصلاۃ کالأذان للمولود؟ لم أرہ لأئمتنا والظاہر نعم!‘‘(۲)
نیزبچہ یا بچی کی پیدائش پر اسے غسل دینے کے بعد اس کے دائیں کان میں اذان اور بائیں کان میں اقامت کہنا مسنون عمل ہے۔
ترمذی شریف میں روایت ہے کہ ’’حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حسن رضی اللہ عنہ کی ولادت پر ان کے کان میں اذان کہی تھی‘‘ اور امام ترمذی رحمہ اللہ علیہ نے اس حدیث کو حسن صحیح قرار دیا ہے۔
’’عن عبید بن أبي رافع عن أبیہ قال رأیت رسول اللّٰہ صلیٰ اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم أذن في أذن الحسن بن علي حین ولدتہ فاطمۃ بالصلاۃ، ہذا حدیث حسن صحیح‘‘(۳)
’’عن حسین قال: قال رسول اللّٰہ صلیٰ اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم: من ولد لہ فأذن في أذنہ الیمنی وأقام في أذنہ الیسری، لم تضرہ أم الصبیان‘‘(۴)
الحاصل: نومولود بچے کی پیدائش کے بعد کانوں میں اذان واقامت کہنا مسنون ہے، جب کہ اس اذان کا جواب دینا مستحب ہے۔

(۲) أخرجہ البخاري، في صحیحہ، ’’کتاب الأذان: باب ما یقول إذا سمع المنادي‘‘: ج۱ ، ص: ۱۲۶رقم ۶۱۳۔
(۲) ابن عابدین، رد المحتار، ’’کتاب الصلاۃ: باب الأذان‘‘: مطلب في کراہۃ تکرار الجماعۃ في المسجد، ج ۲، ص: ۶۶۔
(۳) أخرجہ الترمذي، في سننہ، ’’أبـواب الأضــاحي: باب الأذان في أذن المولود‘‘: ج ۱، ص: ۲۷۸، رقم: ۱۵۱۴۔
(۴) أخرجہ أبو یعلی، في مسندہ: ج ۱۲، ص: ۱۵۰، رقم: ۶۷۸۰۔

 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج4 ص245

 

answered Jan 13 by Darul Ifta
...