22 views
لا علمی میں منکوحہ کا نکاح پڑھانے والے کی امامت:
(۲۵۲)سوال: اگر ایک شخص نے غیر مطلقہ عورت کا نکاح پڑھایا، یعنی زوجین میں اختلافات کی وجہ سے حالات اتنے کشیدہ ہوئے کہ مقدمہ بازی ہوگئی، لڑکی والوں نے اس کا نکاح دوسری جگہ کر دیا اس نکاح کا پڑھانے والا امام مسجد ہے اور اس کے علم میں یہ بات نہیں آئی تھی کہ یہ عورت شادی شدہ غیر مطلقہ ہے، تو اس امام صاحب کی امامت درست ہے یانہیں؟
فقط: والسلام
المستفتی: ضمیر احمد، مظفر نگر
asked Dec 26, 2023 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: اگر نکاح پڑھانے والے امام صاحب کے علم میں نہیں تھا کہ عورت منکوحہ غیر مطلقہ ہے اور اس نے نکاح پڑھا دیا، تو وہ گنہگار نہیں ہوگا اس کی امامت درست ہے؛ لیکن جب اس کے علم میں آگیا تو اس پر ضروری ہے کہ اس بارے میں اعلان کر دے کہ وہ نکاح صحیح نہیں ہوا؛(۱) مسلمانوں پر ضروری ہے کہ ان دونوں مرد وعورت کو ملنے نہ دیں اور زنا کاری سے بچائیں۔(۲)

(۱) لا یجوز لرجل أن یتزوج زوجۃ غیرہ و کذلک المعتدۃ، کذا في السراج الوہاج۔ (جماعۃ من علماء الہند، الفتاویٰ الہندیۃ، ’’کتاب النکاح، القسم السادس: المحرمات التي یتعلق بھا حق الغیر‘‘: ج ۱، ص:۳۴۶؛ وابن عابدین، رد المحتار، ’’کتاب النکاح، باب المہر‘‘: ج ۴، ص: ۲۷۴)
(۲) من رأی منکم منکراً فلیغیرہ بیدہ فإن لم یستطع فبلسانہ فإن لم یستطع فبقلبہ وذلک أضعف الإیمان۔ (أخرجہ مسلم  في سننہ، ’’کتاب الإیمان، باب بیان کون النہي عن المنکر من الإیمان‘‘: ج ۱، ص: ۵۱، رقم: ۴۹)

 

 فتاویٰ دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص278

answered Dec 26, 2023 by Darul Ifta
...