108 views
ختم قرآن پر ہدیہ لینے والے کی امامت:
(۲۷۴)سوال: رمضان المبارک میں بعض حضرات علماء و حفاظ تراویح میں قرآن پاک سناتے ہیں اور روپیہ وغیرہ کا تولین دین نہیں ہوتا؛ بلکہ مقتدی اور مسجد کے ذمہ دار اپنی طرف سے ان کو بطور ہدیہ اور نذرانہ رقم اور کپڑے پیش کرتے ہیں اس بارے میں تو ہمارے سامنے ایک مسئلہ یہ ہے کہ اس طرح لینا دینا دونوں ناجائز ہے کیوں کہ اس پر اکابرین علماء مفتیان کرام کا فتویٰ کا ماحصل عدم جواز ہے اور دوسرا مسئلہ جو ابھی کچھ دن قبل مونگیر میں سیمینار ہوا اس میں دیوبندی علماء نے حفاظ کو جو نذرانہ اور ہدیہ دیا جاتا ہے اس کی گنجائش لکھی ہے ان دونوں مسئلوں میں کون سا حکم صحیح ہے اور تراویح میں قرآن پاک سنا کر تحفہ، ہدیہ، نذرانہ لینے والوں کی امامت تراویح و دیگر نمازوں میں جائز ہوگی یا نہیں مفصل جواب سے نوازیں؟
فقط: والسلام
المستفتی: زبیر احمد، میرٹھی
asked Dec 27, 2023 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: ختم قرآن پر لین دین کی دو صورتیں ہیں، ایک یہ کہ پہلے سے لینا دینا مقرر کرلیا جائے یا مقرر تو صراحتا نہ کرے، لیکن اس جگہ پر لین دین کو لازمی و ضروری سمجھا جاتا ہو کہ اگر ایسا نہ ہوا رسوائی بدنامی اور لعن طن ہو تو ’’المعروف کا لمشروط‘‘ کے قاعدے کے مطابق یہ مقرر ہی کرنا ہوا، ایسی صورت میں یہ لین دین ہدیہ نہ ہوکر اجرت ہوجائے گی خواہ اس کا نام ہدیہ ہی رکھا جائے اور یہ لین دین شرعا ناجائز ہے اس کا مرتکب گناہ کبیرہ کا مرتکب ہے اس کی امامت مکروہ ہے۔
دوسری صورت یہ ہے کہ لین دین صراحتاً یا رواجا مقرر نہ ہو یا سنانے والا صراحتاً طے کردے کہ میں کچھ نہ لوں گا یا مقتدی صراحت کردے ایسی صورت میں اگر لین دین ہو تو واقعی ہدیہ تحفہ ہی ہے اور اس کے لین دین میں کوئی مضائقہ نہیں اور ایسی صورت میں لینے دینے والے کی امامت بھی بلاشبہ درست ہے۔(۱)
’’کذا صرح بہ العلامہ ابن العابدین في رد المحتار ورسم المفتي والفقہاء ٔالآخرون في الکتب الأخری‘‘

(۱) الہبۃ عقد مشروع لقولہ علیہ السلام تہادوا تحابّوا وعلی ذلک انعقد الإجماع۔ (المرغیناني، الہدایۃ، ’’کتاب الہبۃ‘‘: ج۲، ص: ۲۸۳، مکتبہ فیصل دیوبند)
وقال في الشامي: أما الفاسق فقد عللوا کراہۃ تقدیمہ الخ بل مشی في شرح المنیۃ علی أن کراہۃ تقدیمہ کراہۃ تحریم۔ (ابن عابدین، رد المحتار، ’’کتاب الصلاۃ، باب الإمامۃ، مطلب في تکرار الجماعۃ في المسجد‘‘: ج۲، ص: ۲۹۸)

 

 فتاویٰ دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص299

answered Dec 27, 2023 by Darul Ifta
...