28 views
محلہ کے مکانات میں چھوٹی چھوٹی جماعت کرنا:
(۲۴)سوال: کوروناکی پابندی کی وجہ سے مسجد میں عمومی نماز کی اجازت نہیں ہے، کہیں پر صرف پانچ افراد نماز پڑھتے ہیں اور کہیں فاصلے پر نماز پڑھنے کی اجازت ہے جس کی وجہ سے تمام حضرات ایک ساتھ نماز نہیں پڑھ سکتے ہیں ایسی صورت میں کہیں پر مسجد میں کئی جماعتیں ہورہی ہیں اور کہیں پر مسجد میں تو ایک یا دو جماعتیں ہوتی ہیں باقی افراد گھروں میں بھی جماعت قائم کرکے نماز پڑھتے ہیں ایسی صورت میں سوال یہ ہے کہ کیا محلہ کے مکانات میں چھوٹی چھوٹی جماعت قائم کرنا درست ہے؟ جب کہ اس سے جماعت کا بنیادی مقصد بہر حال فوت ہوجاتا ہے ایسی صورت میں کیا تنہا نماز پڑھنی چاہیے یا چھوٹی چھوٹی جماعتیں ہی قائم کرنی چاہیے، اس صورت میں بہتر عمل کیا ہوسکتاہے؟
فقط: والسلام
 المستفتی؛ راشد ممبئی
asked Dec 28, 2023 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: اسلام میں نماز باجماعت کی اہمیت ہے اور نماز باجماعت میںبھی مسجد کی جماعت کی تاکید ہے، اس لیے حتی الامکان تو اسی کی کوشش کی جائے کہ مسجد میں ایک ہی جماعت قائم ہو اور تمام حضرات اسی ایک جماعت میں شریک ہوں، لیکن اگر اس پر عمل ممکن نہ ہو حکومتی پابندی کا سامنا ہو توپھر ایسی صورت میں بہتر ہے کہ مسجد میں کئی جماعتیں کرلی جائیں اور یہ حکم عارضی طورپر ہوگا، عذر کے ختم ہونے کے بعد مسجد میں تکرار جماعت کا سلسلہ بند کردیا جائے یہ زیادہ بہتر ہے۔ اس لیے کہ جماعت سے نماز پڑھنا واجب اور مسجد میں جماعت کرنا یہ بھی واجب ہے، اگر گھر میںجماعت کی جائے تو اگر چہ جماعت کا اہتمام ہوجائے گا؛ لیکن دوسرا واجب چھوٹ جائے گا۔(۱)
یہاں ایک خدشہ یہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ اگر مسجد میں جماعت کا تکرار ہوگا تو لوگوں کے دلوں سے جماعت ثانیہ کی کراہت ختم ہوجائے گی؛ اس لیے بہتر ہے کہ گھروں میں ہی جماعت سے نماز پڑھ لیں مسجد میں تکرار نہ کیا جائے؛ لیکن اس میں ایک دوسری خرابی ہے لوگوں کے دلوں میں یہ بیٹھنا چاہیے کہ نماز مسجد میں جماعت سے پڑھنا ضروری ہے؛ لیکن اگر چند دن گھر میں جماعت بنا کر نماز پڑھیں گے تو دلوں سے مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کی جو اہمیت ہے وہ بھی کم ہو سکتی ہے۔ پھر عارضی احوال میں اگر علاقے میں کئی مساجد ہوں جہاں جمعہ کی نماز نہیں ہوتی ہے، وہاں پر مجبوری میں جمعہ قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے اس سے یہ خدشہ ہے کہ بعد میں ان مساجد میں جمعہ باقی رہ جائے گا اور لوگ بند کرنے پر آمادہ نہیں ہوں گے جیسا کہ احوال واقعی ہے بہت سی جگہوں سے فتویٰ بھی طلب کیا گیا کہ لاک ڈاؤن کی مجبوری کی وجہ سے دوسری تمام مساجد میں جمعہ قائم کیا گیا تھا اب جب کہ حالات معمول پر آرہے ہیں تو کیا وہاں جمعہ بند کرنا چاہیے جب کہ بعض حضرات بند کرنے پر راضی نہیں ہیں ظاہر ہے کہ ان مساجد میں بند کرنے کا ہی حکم دیاجائے گا؛ اس لیے عارضی احوال میں اگر مسجد میں تکرار جماعت ہو یا گھر میں جماعت کا اہتمام ہو، دونوں کی گنجائش ہے۔ محض خدشہ کی بناپر عذر کی وجہ سے تکرار جماعت کو مکروہ نہیں کہا جائے گا۔
(۱) قلت دلالتہ علی الجزء الأول ظاہرۃ حیث بولغ فی تہدید من تخلّف عنہا وحکم علیہ بالنفاق، ومثل ہذا التہدید لایکون إلا في ترک الواجب، ولایخفی أن وجوب الجماعۃ لو کان مجردًا عن حضور المسجد لما ہم رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم بإحراق البیوت علی المتخلفین لاحتمال أنہم صلوہا بالجماعۃ فی بیوتہم؛ فثبت أن إتیان المسجد أیضًا واجب کوجوب الجماعۃ، فمن صلاہا بجماعۃ في بیتہ أتی بواجب وترک واجبًا آخر … و أما مایدل علی وجوبہا في المسجد فإنہم اتفقوا علی أن إجابۃ الأذان واجبۃ لما في عدم إجابتہا من الوعید۔ (إعلاء السنن، باب وجوب إتیان الجماعۃ في المسجد عند عدم العلۃ‘‘: ج۴، ص: ۱۸۶، إدارۃ القرآن کراچی)

فتاویٰ دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص364,366

 

answered Dec 28, 2023 by Darul Ifta
...