21 views
امام کی جگہ اور منبر کہاں ہونا چاہئے؟
(۹۰)سوال: ایک جگہ جامع مسجد نمازیوں کے لیے تنگ ہو رہی تھی، اس لیے مسجد سے متصل شمال کی جانب ایک ثلث مزید جامع مسجد کی توسیع کی گئی، دریافت طلب یہ ہے کہ اب امام اور منبر کی جگہ شرعی حیثیت سے کہاں ہونی چاہئے تمام مصلی حضرات فقہ اسلامی کی روشنی میں نماز پڑھنا چاہتے ہیں۔ جواب دے کر ممنون فرمائیں؟
فقط: والسلام
المستفتی: محمد طیب قاسمی، کشمیر
asked Dec 31, 2023 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: مسنون و متواتر طریقہ یہ ہے کہ امام مقتدیوں کی صف کے درمیانی حصہ کے سامنے ہو اس کے لیے کتابوں میں وسط کا لفظ آتا ہے یعنی اگلی صف میں کھڑے ہونے والے تقریباً آدھے لوگ امام کے دائیں اور آدھے بائیں جانب ہوں حتی الامکان اس کی رعایت کی جانی چاہئے امام کے مصلی کے قریب ہی منبر بنا لیا جائے۔ صورت مذکورہ میں نمازیں درست ہوں گی، تاہم اس بات کی کوشش کریں کہ جنوب کی سمت میں بھی توسیع ہو جائے یا پھر محراب کو وسط مسجد میں بنائیں۔(۱)

(۱) عن أبي ہریرۃ، قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: وسطوا الإمام وسدوا الخلل۔ (أخرجہ أبوداؤد، في سننہ، ’’کتاب الصلوۃ: باب مقام الإمام من الصف‘‘: ج۱، ص: ۹۹، رقم: ۶۸۱)
السنۃ أن یقوم فی المحراب لیعتدل الطرفان، ولو قام في أحد جانبي الصف یکرہ، إلی قولہ: قال علیہ الصلاۃ والسلام: توسطوا الإمام وسدوا الخلل۔ (الحصکفي، الدرالمختار مع رد المحتار، ’’باب الإمامۃ، مطلب ہل الإساء ۃ دون الکراہۃ أو أفحش منہا‘‘: ج ۲، ص: ۳۱۰)
وینبغي للإمام أن یقف بإزاء الوسط فإن وقف في میمنۃ الوسط أو في میسرتہ فقد أساء لمخالفۃ السنۃ، ہکذا في التبیین۔ (جماعۃ من علماء الہند، الفتاویٰ الہندیۃ، ’’الفصل الخامس في بیان مقام الإمام والمأموم‘‘: ج ۱، ص: ۱۴۶)

 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص432

answered Dec 31, 2023 by Darul Ifta
...