86 views
عورت کا مردوں کی امامت کرنا:
(۱۵۲)سوال: کیا فرماتے ہیںعلماء دین مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں
عورت کی امامت درست ہے یا نہیں؟ یعنی عورت مردوں کی امامت کرسکتی ہے یا نہیں؟ آج کل اس پر بحث جاری ہے کہ عورتیں بھی امامت کرسکتی ہے؟ بلکہ کیرلا میں ایک جگہ عورت نے مردوں کی امامت کی ہے۔ سوال ہے یہ عورت مردوں کی امامت کرسکتی ہے یا نہیں ہے اگر نہیں کرسکتی ہے، تو اس کی وجہ کیا ہے؟ تفصیل سے روشنی ڈالیں؟
فقط: والسلام
المستفتی:احسان قاسمی، ممبئی
asked Jan 2 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: عورت عورتوں کی امامت کرسکتی ہے یانہیں اس میں ائمہ اربعہ کے درمیان اختلاف ہے؛ لیکن عورت مردوں کی امامت نہیں کرسکتی ہے، اس میں ائمہ اربعہ کے درمیان اتفاق ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں کسی عورت کا مرد کی امامت کرنا ثابت نہیں ہے، اسی طرح عہد صحابہؓ میں عورت کا امامت کرنا ثابت نہیں ہے اگر یہ عمل جائز ہوتا ہے ہمیں عہد صحابہؓ میں اس کی مثالیں ضرور ملتی، بلکہ اس کے خلاف روایات سے ثابت ہوتا ہے کہ عورتیں مردوں کی امامت نہیں کرسکتی ہیں۔ ایک روایت میں حضرت علی کا قول ہے کہ عورتیں امامت نہ کریں اس میں تو مطلقاً عورت کو امامت سے منع کیا گیا ہے خواہ وہ عورتوں کی امامت کریں یا مردوں کی۔(۱)
تصفیق (خاص طریقے سے ایک ہاتھ دوسرے ہاتھ پر مارنا) عورتوں کے لیے ہے اور تسبیح (سبحان اللہ کہنا) مردوں کے لیے ہے۔
اس حدیث سے صاف ظاہر ہے کہ عورت مردوں کی موجودگی میں نماز میں آواز نہیں نکال سکتی امام کو غلطی پر متنبہ کرنے کے لیے جب عورت معمولی سی آواز نہیں نکال سکتی تو مکمل نماز کی امامت کیسے کرسکتی ہے؟ امام نووی رحمہ اللہ المجموع شرح المھذب میں حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے عورتوں کا مردوں کی امامت پر ممانعت سے متعلق ضعیف حدیث ذکر کرنے کے بعد لکھتے ہیں کہ ہمارے اصحاب کا اتفاق ہے کہ کسی عورت کے پیچھے بچے اور بالغ مرد کی نماز جائز نہیں ہے، آگے لکھتے ہیں خواہ ممانعت عورت کی امامت مردوں کے لیے فرض نمازسے متعلق ہو یا تراویح سے متعلق ہو یا سارے نوافل سے۔ یہی ہمارا مذہب ہے اور سلف وخلف میں سے جمہور علماء کا ہے۔ اور بیہقی نے مدینہ کے تابعین فقہائے سبعہ سے بیان کیا ہے اور وہ امام مالک، امام ابوحنیفہ، سفیان، امام احمد اور داؤد ہیں۔(۲)

(۱)عن علي بن أبي طالب رضي اللّٰہ عنہ أنہ قال: لا تؤم المرأۃ۔ قلت: رجالہ کلہم ثقات۔ (ظفر أحمد عثماني،إعلاء السنن، ’’کتاب الصلاۃ، باب جماعۃ النساء ‘‘: ج ۴، ص: ۲۲۷)…
…(۲) لا یصح اقتداء الرجل بالمرأۃ لقولہ علیہ السلام: أخروہن من  حیث أخرہن اللّٰہ تعالٰی۔ (مصنف عبد الرزاق، ’’کتاب الصلاۃ، باب شہود النساء الجماعۃ‘‘: ج۱، ص: ۴۱۰، رقم: ۵۱۱۵)
وعلیہ الإجماع۔ (إبراہیم بن محمد الحلبي، غنیۃ المستملي شرح منیۃ المصلي، ’’کتاب الصلاۃ، فصل في الإمامۃ‘‘: ص:۴۷)

 

 فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص508

 

answered Jan 2 by Darul Ifta
...