60 views
دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں نماز پڑھنے کا حکم:
(۲۷)سوال: کبھی کبھی ایسی جگہ جانا پڑ جاتا ہے کہ جہاں مسجد وغیرہ نہیں ہوتی ہے، مثلاً مندر، گرو دوارہ وغیرہ کیا ان جگہوں پر نماز پڑھنا درست ہے۔ بہت سی جگہوں پر مساجد بنانے کی اجازت نہیں ہے اور وہاں پر چرچ وغیرہ میں نماز پڑھنے کی اجازت مل جاتی ہے کیا ہم چرچ اور گرودوارہ میں نماز پڑھ سکتے ہیں؟
فقط: والسلام
المستفتی: ریاست علی، سہارنپور
asked Jan 13 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: اسلام میں نماز باجماعت کی بڑی اہمیت ہے اور مساجد باجماعت نماز کا محل ہیں،حدیث میں مسجد میں نماز پڑھنے کی بڑی تاکید آئی ہے، لیکن اگر مسجد میں نماز باجماعت فوت ہوجائے تو شریعت کا حکم یہ ہے کہ مسجد کے علاوہ کہیں بھی جماعت کے ساتھ نماز کا اہتمام کریں تاکہ جماعت کی فضیلت حاصل ہوجائے، لیکن اب جو صورت حال اقلیتی ممالک میں پیدا ہورہی ہے جہاں مساجد کی کمی ہوتی ہے اور عام جگہوں پر نماز پڑھنے میں دشواری کا سامنا ہے؛ بلکہ سڑک اور پبلک مقامات پر نماز پڑھنے پر فسادات کا خدشہ ہے اس لیے یہ سوال پیدا ہورہا ہے کہ کیا چرچ یا گرودوارہ میں نماز پڑھنا جائز ہے اسی طرح یورپی ممالک میں بھی مساجد کے نہ ہونے اور زمین خرید کر مساجد بنانے میں دشواری کی وجہ سے چرچ وغیرہ کرایہ پر لے کر جمعہ و عیدین کی نماز پڑھنا چاہتے ہیں۔
 یہ مسئلہ اختلافی ہے اس سلسلے میں تین اقوال ہیں:
پہلاقول: چرچ میں نماز پڑھنا مکروہ ہے کیوں کہ اس میں تصویریں ہوتی ہیں اور یہ قول حضرت عمرؓ اور حضرت ابن عباسؓ سے منقول ہے،اور یہی قول احناف کے علماء کی ایک جماعت کا بھی ہے،اور امام مالکؒ اور امام شافعیؒ کا بھی یہی قول ہے۔ اور اسی طرح حنابلہ کا بھی یہی قول ہے کہ اگر چرچ میں کوئی تصویر وغیرہ ہو تو اس میں نماز پڑھنا مکروہ ہے۔
دوسرا قول: چرچ میں نماز پڑھنا جائز ہے جب اس میں تصویر نہ ہو اور یہ قول حضرت حسن بصریؒ اور حضرت عمر ابن عبدالعزیز ؒ اور امام شعبی ؒ کا ہے اور یہی حنابلہ کا بھی مذہب ہے۔
تیسرا قول: چرچ میں نماز پڑھناحرام ہے کیوں کہ وہاں شیاطین ہوتے ہیں اور ایسی جگہ نماز کا پڑھنا اس میں ایک قسم کی ان کی تعظیم ہے۔ یہی احناف کا قول ہے۔
’’(تنبیہ) یؤخذ من التعلیل بأنہ محل الشیاطین کراہۃ الصلاۃ في معابد الکفار؛ لأنہا مأوی الشیاطین کما صرح بہ الشافعیۃ۔ ویؤخذ مما ذکروہ عندنا، ففي البحر من کتاب الدعوی عند قول الکنز: ولا یحلفون في بیت عباداتہم۔ وفي التتارخانیۃ یکرہ للمسلم الدخول في البیعۃ والکنیسۃ، وإنما یکرہ من حیث إنہ مجمع الشیاطین لا من حیث إنہ لیس لہ حق الدخول۔ اہـ۔ قال في البحر: والظاہر أنہا تحریمیۃ؛ لأنہا المرادۃ عند إطلاقہم، وقد أفتیت بتعزیر مسلم لازم الکنیسۃ مع الیہود۔ فإذا حرم الدخول فالصلاۃ أولی، وبہ ظہر جہل من یدخلہا لأجل الصلاۃ فیہا‘‘(۱)
 احناف کا قول کراہت کا ہے اس لیے حتی ا لامکان کوشش کی جائے کہ مساجد میں نماز کا اہتمام ہو اور اگر مساجد کا کوئی نظم نہیں ہوسکتاہے تو ہال وغیرہ کرایہ پر لے کر نماز جماعت کی کوشش کی جائے لیکن اگر اس کی بھی کوئی سبیل نہ ہو تو پھرضرورتًا گرودوارہ یا چرچ میں بھی نماز ہوسکتی ہے؛ البتہ اس کا خیال کیا جائے کہ سامنے کوئی تصویر یا مجسمہ نہ ہو؛ بلکہ چرچ وغیرہ کے مرکزی جگہ سے ہٹ کر جماعت بنائی جائے اوراگر سامنے تصوریر ہو تو اس پر پردہ ڈال دیا جایے، مجمع الفقہ الاسلامی جدہ وغیرہ نے ضرورت کے موقع پر چرچ میں نماز پڑھنے کی اجازت دی ہے بلا ضرروت مکروہ قرار دیا ہے۔ احناف کے یہاںبھی کراہت کا تعلق عام حالات سے ہے؛ لیکن اگر ضرروت ہو تو نماز ہوسکتی ہے۔حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے چرچ میں نماز پڑھنا ثابت ہے۔
’’وقال عمر رضي اللّٰہ عنہ: إنا لا ندخل کنائسکم من أجل التماثیل التي فیہا الصور وکان ابن عباس: یصلي في البیعۃ إلا بیعۃ فیہا تماثیل‘‘(۱)
’’في فتاوی مجمع الفقہ الاسلامي: استئجار الکنائس للصلاۃ لا مانع منہ شرعا عند الحاجۃ، وتجتنب الصلاۃ إلی التماثیل والصور وتستر بحائل إذا کانت باتجاہ القبلۃ‘‘(۲)
(۱) ابن عابدین، رد المحتار، ’’کتاب الصلاۃ: مطلب تکرہ الصلاۃ في الکنیسۃ ‘‘: ج۲، ص: ۴۳۔
(۱) أخرجہ البخاري، في صحیحہ، ’’کتاب الصلاۃ، باب الصلاۃ في البیعۃ‘‘: ج ۱، ص: ۶۲، رقم: ۴۳۸۔
(۲) مجلۃ المجمع: ص: ۴۷۔(شاملہ)
(تنبیہ) یؤخذ من التعلیل بأنہ محل الشیاطین کراہۃ الصلاۃ في معابد الکفار؛ لأنہا مأوی الشیاطین کما صرح بہ الشافعیۃ۔ ویؤخذ مما ذکروہ عندنا، ففي البحر من کتاب الدعوی عند قول الکنز: ولا یحلفون في بیت عباداتہم۔ وفي التتارخانیۃ یکرہ للمسلم الدخول في البیعۃ والکنیسۃ، وإنما یکرہ من حیث إنہ مجمع الشیاطین لا من حیث إنہ لیس لہ حق الدخول۔ اہـ۔ قال في البحر: والظاہر أنہا تحریمیۃ؛ لأنہا المرادۃ عند إطلاقہم، وقد أفتیت بتعزیر مسلم لازم الکنیسۃ مع الیہود۔ اھـ۔ فإذا حرم الدخول فالصلاۃ أولی، وبہ ظہر جہل من یدخلہا لأجل الصلاۃ فیہا۔ (ابن عابدین، رد المحتار، ’’کتاب الصلاۃ، مطلب تکرہ الصلاۃ في الکنیسۃ‘‘: ج ۲، ص: ۴۳)
فإما أن تقطع رء وسہا أو تتخذ وسائد فتوطأ وإن لم تکن مقطوعۃ الرئوس فتکرہ الصلاۃ فیہ، سواء کانت في جہۃ القبلۃ أو في السقف أو عن یمین القبلۃ أو عن یسارہا، فأشد ذلک کراہۃ أن تکون في جہۃ القبلۃ؛ لأنہ تشبہ بعبدۃ الأوثان، ولو کانت في مؤخر القبلۃ، أو تحت القدم لا یکرہ لعدم التشبہ في الصلاۃ بعبدۃ الأوثان۔ (الکاساني، بدائع الصنائع في ترتیب الشرائع، ’’کتاب الصلاۃ، فصل في شرائط أرکان الصلاۃ‘‘: ج ۱، ص:۳۰۴)

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج4 ص276

 

answered Jan 13 by Darul Ifta
...