100 views
نفل نماز کیوں پڑھی جاتی ہے؟
(۵۶)سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں:
نفل نماز پڑھنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ اور نفل نماز کیوں پڑھتے ہیں؟ نیز نفل نمازوں کی اور قرأت میں دلچسپی کی وجہ سے کیا نفل نماز میں قرآن کریم دیکھ کر پڑھنے سے نماز میں کوئی خرابی تو لازم  نہیں آتی ہے؟ براہ کرم شرعی رہنمائی فرمائیں۔
فقط: والسلام
المستفتی: محمد بلال احمد، کشمیر
asked Jan 31 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب و باللہ التوفیق: نفل زائد اور مستحب نماز ہوتی ہے اس کا پڑھنا ضروری نہیں ہے، نفل نماز کا حکم یہ ہے کہ پڑھ لیا جائے تو باعث اجر و ثواب ہے، اور ہماری فرض نمازوں میں جو کمی رہ جاتی ہے یہ نفل ہمارے فرض کے ثواب کی تکمیل کا ذریعہ بنتی ہے؛ اس لیے روزانہ کچھ نہ کچھ نوافل پڑھتے رہنا چاہئے اور اُن کا شوق رکھنا چاہئے؛ جیساکہ امام ابن ماجہ رحمۃ اللہ علیہ نے ایک روایت نقل کی ہے: رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: قیامت کے دن بندے سے جس چیز کا سب سے پہلے حساب لیا جائے گا وہ نماز ہوگی، اگر اس نے نماز مکمل طریقے سے ادا کی ہوگی تو نفل نماز علیحدہ لکھی جائے گی، اور اگر مکمل طریقے سے ادا نہ کی ہوگی تو اللہ تعالیٰ اپنے فرشتوں سے کہے گا کہ: دیکھو، کیا میرے بندے کے پاس نفل نمازیں ہیں، تو ان سے فرض کی کمی کو پورا کرو، پھر باقی اعمال کا بھی اسی طرح حساب ہوگا۔
’’عن تمیم الداري، عن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: أول ما یحاسب بہ العبد یوم القیامۃ صلاتہ، فإن أکملہا کتبت لہ نافلۃ، فإن لم یکن أکملہا، قال اللّٰہ سبحانہ للملائکتہ: انظروا، ہل تجدون لعبدي من تطوع؟ فأکملوا بہا ما ضیع من فریضتہ، ثم تؤخذ الأعمال علی حسب ذلک‘‘(۱)
مذکورہ حدیث میں نوافل کی واضح اہمیت وافضلیت بیان کی گئی ہے اور اس میں دعوت فکر ہے ایسے حضرات کے لیے جو سنن ونوافل کی ادائیگی میں کوتاہی کرتے ہیں، انسان کو اللہ تعالیٰ نے اپنی عبادت اور بندگی کے لیے پیدا کیا ہے۔ انسان کو چاہیے کہ اللہ رب العزت کا شکر گزار بندہ بنے اور اپنے رب کے حضور فرض نماز کے علاوہ بھی شکرانے کے طور پر زیادہ سے زیادہ نوافل ادا کرے تاکہ اللہ تعالیٰ اس سے خوش ہو جائے اور دنیا و آخرت کی تمام مشکلات اس کے لیے آسان ہو جائیں۔
نیز آپ نے پوچھا ہے کہ نفل نماز میں لمبی رکعتیں اور تلاوت میں دلچسپی کی بنا پر قرآن کریم دیکھ کر پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟ اس سلسلے میں یاد رکھیں کہ آپ تمام فرض، واجب اور نفل نمازوں میں قرآن کریم کا وہی حصہ تلاوت کریں جو آپ کو زبانی یاد ہے۔ مزید سورتیں اور آیات یاد کرنے کی کوشش کریں۔ اگر نوافل میں طویل تلاوت کا دل چاہ رہا ہو تو ہر رکعت میں وہ تمام آیات اور چھوٹی سورتیں تلاوت کر لیں جو آپ کو یاد ہیں۔
اگر آپ قرآن کریم دیکھ کر تلاوت کریں گے تو آپ کی نماز فاسد ہو جائیگی اس لیے کہ فقہائے احناف کے نزدیک نماز میں مصحف (قرآن کریم) سے دیکھ کر تلاوت کرنا، صفحہ پلٹنا اور رکوع و سجود کے لیے مصحف (قرآن کریم) کو ایک طرف رکھنا عملِ کثیر ہے اور عملِ کثیر سے نماز فاسد جاتی ہے۔ جیسا کہ صاحب ہدایہ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
’’إذا قرأ الإمام من المصحف فسدت صلاتہ، عند أبي حنیفۃ رحمہ اللّٰہ وقالا: ہي تامۃ، لأنہا عبادۃ انضافت إلی عبادۃ، إلا أنہ یکرہ، لأنہ یشبہ بصنع أہل الکتاب، ولأبي حنیفۃ رحمہ اللّٰہ أن حمل المصحف والنظر فیہ وتقلیب الأوراق عمل کثیر، ولأنہ تلقن من المصحف فصار کما إذا تلقن من غیرہ، وعلی ہذا لا فرق بین المحمول والموضوع، وعلی الأول یفترقان‘‘(۱)
خلاصہ: امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک فرائض ونوافل تمام نمازوں میں قرآن سے دیکھ کر قرات کرنے سے نماز فاسد ہو جاتی ہے اور صاحبین رحمہما اللہ کے نزدیک کراہت کے ساتھ نماز ہو جاتی ہے، مگر احناف کا فتویٰ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے قول پر ہے۔

(۱) أخرجہ ابن ماجہ، في سننہ، ’’باب ما جاء في أول ما یحاسب بہ‘‘: ج ۱ ، ص: ۱۰۳ رقم: ۱۴۲۶۔)
(۱) المرغیناني، الہدایۃ، کتاب الصلاۃ، باب ما یفسد الصلاۃ و ما یکرہ فیھا: ج ۱، ص: ۱۳۷-۱۳۸۔)

 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج6 ص395

answered Jan 31 by Darul Ifta
...