43 views
مکرم المقام واجب ا لاحترام حضرات مفتیانِ کِرام وعلماء عظام...السلام علیکم ورحمت اللہ و برکاتہ.بعدہُ سلام عرض و گزار ہوں کہ. درجِ ذیل مسئلوں کا شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں جواب مطلوب ہے. مسئلہ نمبر ١ حجاّم کا پیشہ کرنے والے کو جبکہ وہ لوگوں کی ڈاڑھی بھی کاٹتا ہے. تو کیا اِس حجّام کو اپنے جانور میں بِلا کراہت شریک کر سکتے ہیں یا نہیں...مسئلہ نمبر ۲ ایک شخص کی آمد کا بڑا حصہ حرام ہے اور اِسکا مختصر حصہ حلال آمد بھی ہے تو کیا اِس شخص کی ہمارے جانور میں قربانی کے لئے شِراکت درست ہو گی یا نہیں... مسئلہ نمبر ٣ قربانی کرنے والے شخص کو بال و ناخُن نہ تراشنا یہ فرض واجب سنّت مستحب مباح کونسےدرجہ میں آتا ہے.. اگر ناخُن وبال جان بوجھ کر یا بھول کر تراشے تو کیا اِسکی قربانی میں کوئ نُقص ہوگا یا نہیں... مسئلہ نمبر ۴ میرے پاس ایک تولہ سونا ہے جِس کی قیمت تخمیناً ٥۰۰۰۰ پچاس ہزار ہے اور ۲۰ تولہ چاندی بھی میرے پاس ہے جِسکی قیمت ١۴۰۰۰ چودہ ہزار ہے. تو آیا اِس صورت میں میرے اوپر قربانی واجب ہوگی یا نہیں....جبکہ مذکورہ سونے کو فروخت کیا جائے تو اِس کی قیمت کے عِوض میں ۷۰ تولہ چاندی خرید سکتا ہوں.... سوال بڑا ہونے کے لئے معذرت چاہتا ہوں اور آپکا قیمتی وقت کو ملحوظ رکھتے ہوئے مختصر جواب بھی بندہ کو تسلّی بخش ہوگا... المستفتی محمد عمران البدری.
asked Jun 26, 2023 in اسلامی عقائد by mojahidul islam

1 Answer

Ref. No. 2409/44-3646

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔  (١) حجام کی اجرت کے حلال یا حرام ہونے میں تفصیل یہ ہے کہ جو کام حرام ہیں یعنی داڑھی مونڈنا، ایک مشت سے کم کرنا یا بھنویں بنانا، ان کاموں کی اجرت بھی حرام ہے اور جو کام جائز ہیں جیسے سر کے بال کاٹنا، ان کی اجرت بھی حلال ہے اب اگر حجام اپنی حلال آمدنی سے قربانی میں شریک ہوتا ہے یا اس کی آمدنی مخلوط ہے لیکن حلال آمدنی غالب ہے تو اس صورت میں اس کو شریک کرنا جائز ہے، اگر اس کی آمدنی خالص حرام ہے یا یقینی طور پر معلوم ہے کہ وہ حرام آمدنی سے اجتماعی قربانی میں شریک ہو رہا ہے تو اس کو شریک کرنا جائز نہیں۔

(٢) اگرحرام آمدنی غالب ہے تو اس کی قربانی درست نہیں ہوگی، کیونکہ اللہ تعالیٰ طیب ہیں اور مال طیب ہی سے صدقہ وعبادت قبول کرتے ہیں، اگر اس ے پاس حلال مال نصاب کے بقدر ہو تو حلال مال سے یا پھر قرضہ لیکر قربانی کرے، تو پھر اس کو شریک کرنا درست ہے۔

’’قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا أیہا الناس ان اللہ طیب لا یقبل الا طیبا‘‘

(٣) جس پر قربانی واجب ہے اس کے لئے قربانی کا جانور ذبح ہونے تک بال وناخن نہ کاٹنا مستحت ہے، فرض یا واجب نہیں اس لئے اگر ایسے شخص نے بال یا ناخن کاٹ لئے تو اس کی قربانی جائز ودرست ہے اس میں کوئی کمی نہیں آئیگی۔

’’قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من رأی ہلال ذي الحجۃ، فأراد أن یضحی یأخذ من شعرہ ولا من أظفارہ حتی یضحی‘‘ (مرقاۃ المفاتیح شرح مشکوٰۃ المصابیح: ج ٣، ص: ١٠٨١)

(٤) سونےکا نصاب ٨٧٠٤٨گراماورچاندیکانصاب٦١٢٠٣٦گرام ہے اگر کسی کے پاس تھوڑا سونا اور تھوڑی چاندی ہو جن کی قیمت ٦١٢گرام چاندی کی قیمت کےبرابرہوجائےتو ایسا شخص صاحب نصاب ہوتا ہے اور اس پر زکوٰۃ وقربانی لازم ہوتی ہے اس لئے صورت مذکورہ میں کیونکہ آپ ستر تولہ چاندی کے بقدر مال کے مالک ہیں تو آپ پر قربانی واجب ہے۔

واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

 

answered Jul 13, 2023 by Darul Ifta
...