32 views
سورۃ توبہ کے نزول کے بعد مشرکین عرب کا موقف:
(۵)سوال:سورہ توبہ کے نزول کے بعد مشرکین عرب کے متعلق اسلام کا موقف کیا تھا؟جہاں تک مجھے پتہ ہے ان کے سامنے تین راستے تھے، مسلمان ہو جائیں یا مسلمانوں سے جنگ کے لیے تیار رہیں یا پھر عرب کی زمین چھوڑ دیں۔ براہ کرم اس پر کچھ روشنی ڈالیں۔
فقط: والسلام
المستفتی: محمد جاوید، مرزا پور
asked Aug 8, 2023 in قرآن کریم اور تفسیر by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:فتح مکہ کے بعد تمام غیر مسلموں کو امان دیدی گئی تھی؛لیکن اس وقت غیر مسلموں کے حالات مختلف تھے، ایک قسم تو وہ لوگ تھے جن سے صلح کا معاہدہ ہوا تھا، مگر انہوں نے خود اس کو توڑ دیا تھا۔ دوسرے کچھ لوگ ایسے تھے جن سے صلح کا معاہدہ کسی خاص میعاد کے لیے ہوا تھا اور وہ معاہدہ پر قائم رہے، جیسے: بنو ضمرہ وبنو مدلج؛ تیسرے کچھ لوگ وہ تھے جن سے معاہدہ کی مدت متعین نہیں تھی۔ چوتھے وہ لوگ تھے جن سے کسی قسم کا معاہدہ نہیں تھا۔
چنانچہ جن لوگوں نے صلح حدیبیہ کو توڑا ان کو حکم ہوا کہ اشہر حرم کے ختم ہوتے ہی جزیرۃ العرب سے نکل جائیں یا مسلمان ہو جائیں ورنہ ان سے جنگ ہوگی۔ اور جن سے خاص میعاد کے لیے معاہدہ تھا ان کے معاہدہ کو ان کی مدت تک پورا کرنے کا حکم ہوا۔ اور جن لوگوں سے بلا تعیین مدت معاہدہ تھا یا جن کے ساتھ بالکل کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا ان کو چار ماہ کی مہلت دی گئی۔(۱)

(۱) مفتي محمد شفیع عثمانيؒ، معارف القرآن، سورۃ التوبۃ: ج ۴، ص: ۳۰۹، ۳۱۱؛ وعلامہ آلوسی، روح المعاني، ’’سورۃ التوبۃ‘‘: ج ۶، ص: ۷۱۔

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج2ص34

answered Aug 8, 2023 by Darul Ifta
...