84 views
السلام علیکم و رحمت اللہ وبرکاتہ
لیزر اِسکِن وائٹننگ معالجہ کیسا ہے، اس سے ایک کالے رنگ کا انسان گورا ہوجاتاہے؟ Lazer Skin Whitening treatment
asked Aug 12, 2023 in زیب و زینت و حجاب by abdulahad

1 Answer

Ref. No. 2482/45-3805

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔ ہم نے اس معالجہ کے بارے میں جو کچھ سمجھاہے اس کا خلاصہ یہ ہے کہ: انسانی جلد پر ایک قسم کا روغن ہوتاہے جس کو میلانین کہاجاتاہے، اسی میلانین  روغن کو جو بے اثر ہوچکا ہوتاہے از سر نو پیداکرکے اگر فعال کردیا جائے تو جلد کے داغ دھبے ختم ہوسکتے ہیں۔ اس  حوالہ سے  وہائٹننگ کریم،فیشیئل  ماسک، گاجر اور چقندر کا جوس، سبز سیب اور انار کاجوس، پپیتا، لیموں اور کھیرے کاجوس،  برف،اور گلیسرین  کا مساج اور زیادہ پانی پینا بھی مفید بتایاجاتاہے جو قدرتی طریقہ کارہے۔  

ہماری معلومات کے مطابق 'لیزر اِسکِن وائٹننگ ٹریٹمنٹ' چہرہ کے سیاہ دھبوں پر لائٹ کی شعاعوں کی مدد سے جلد کو نرم کرکے اس دھبہ والے جلد کی اوپری سطح کوہٹانے کا  یہ ایک طریقہ کار ہے۔  اس میں چہرہ کی نرم جلدوں پر جب شعاعیں پڑتی ہیں تو انسان کو تکلیف بھی ہوتی ہے، اور جلد کی اوپری  انتہائی باریک سطح کو ہٹادیاجاتاہے، اس لئے یہ بھی سرجری کی ہی ایک ادنی قسم کہلائے گی ۔مزید برآں  لیزر وائٹننگ  معالجہ کے نقصانات بھی  برداشت کرنے پڑسکتے ہیں۔  جیسے کہ خراش، جلد کی خشکی، سورج کی روشنی میں حساسیت، جکڑن، سوجن، داغ، جلد کے انفیکشن، جلد کی ساخت میں فرق، رنگت، جلد کی سرخی اور جلن۔  اور اس طریقہ علاج کے بعد جلد کے ٹھیک  ہونے میں تقریبا تین ہفتے درکار ہوتے ہیں۔

الغرض اگرمیلانین روغن کی افزائش کا قدرتی اشیاء  کے ذریعہ علاج کیاجائے ، یعنی مخصوص غذاؤں اور جوس  کا استعمال، قدرتی چیزوں کا مساج اور میک اپ  کے کریم وغیرہ کا استعمال کیاجائے تو بہت بہتر ہے اور اس طرح گورا ہونا  اور چہرے کی رنگت کو نکھارنا درست جائز ہے، البتہ سوال میں مذکور طریقۂ علاج جائز نہیں ہے، یہ تغیر لخلق اللہ میں داخل ہے، اللہ رب العزت نے جس رنگ کا جس کو بنایا ہے، اسی پر انسان کو راضی رہنا چاہیے،  اور مذکورہ طریقہ علاج سے گریز کرنا چاہئے۔

واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

 

answered Aug 22, 2023 by Darul Ifta
...