84 views
السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ عبد الرحمن اپنی بیوی سے فون پر مسیج کے ذریعہ بات کررہا تھا اور اس کو گھر آنے کے لئے کہہ رہا تھا جب بیوی نے گھر آنے سے انکار کیا تو کہا کہ " طلاق.... اب یہی باقی تھا.... طلاق، کُھل جا کُھل جا اب کُھل جا ۔۔۔ تجھے گھر آنا ہے تو آ ورنہ جا " پھر بیوی نے کہا کہ میں گھر نہیں آسکتی تو عبد الرحمن نے کہا "نہیں تو جا طلاق" یہ واقعہ مورخہ 08/09/2023 کا ہے اس واقعہ کے بعد عبد الرحمن یہ کہتا ہے کہ اس کی نیت صرف ایک طلاق کی تھی اس کے بعد جو بھی میں نے کہا سب پہلے طلاق کی تاکید اور اس کی خبر ہے؛ اب حضرات مفتیان کرام سے یہ وضاحت مطلوب ہے کہ عبد الرحمن کی بیوی پر کتنے طلاق ہوئے مسئلہ حل فرما کر عند اللہ ماجور ہوں
جزاکم اللہ خیرا
محمد شرف الدین
بنگلور ، کرناٹک ، الہند
asked Sep 11, 2023 in طلاق و تفریق by Mohammed Sirajuddin

1 Answer

Ref. No. 2557/45-3911

بسم اللہ الرحمن الرحیم:۔ اسلام میں نکاح ایک پاکیزہ رشتے کا نام ہے،اسلام نے اس کی پائداری پر زور دیا ہے، اور اس کے لیے باہمی الفت ومحبت اور دونوں کو ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی کی تلقین کی ہے لیکن اگر کسی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان نااتفاقی ہونے لگے تو پہلے دونوں خاندان کے بزرگ کو صلح کرانے کی کوشش کرنی چاہیے؛ کیوںکہ اسلام میں طلاق ناپسندیدہ فعل ہے اور بلا ضرورت اسکا استعمال درست نہیں ہے۔ پھر بھی اگر نباہ کی کوئی صورت نہ بن سکے اور فتنہ وفساد کا اندیشہ ہو تو ایک طلاق صریح دے کر دونوں کو الگ ہو جانے کا حکم ہے۔  ایک طلاق کے بعد اگر دوبارہ ساتھ رہنا چاہیں تو عدت میں رجوع کے ذریعہ اور عدت کے بعد نکاح کے ذریعہ دونوں ساتھ رہ سکتے ہیں۔  ایک ساتھ تین طلاق دینا شرعاً گناہ ہے اور ملکی قانون کے مطابق قابل مواخذہ جرم ہے۔

بشرط صحت سوال صورت مسئولہ میں شوہر نے جب پہلی بار لکھا 'طلاق' تو اس سے ایک طلاق واقع ہوئی، پھر اس نے لکھا 'اب یہی باقی تھا ۔ ۔  طلاق' تو اگر اس سے تاکید مراد تھی تو اس کی بات قبول کی جائے گی اور اس لفظ سے طلاق واقع نہیں ہوگی،  پھر جب عورت نے نہ آنے کی بات کہی تو اس نے کہا'نہیں تو جا طلاق' تو اس سے اب دوسری  طلاق واقع ہوگئی۔  لہذا  صورت مسئولہ میں دو طلاقیں واقع ہوچکی ہیں، عدت کے اندر شوہر رجعت کرسکتاہے، نکاح کی ضرورت نہیں ہے، البتہ شوہر کو آئندہ صرف ایک طلاق کا اختیار ہوگا۔ اگر شوہر نے آئندہ ایک طلاق دی تو عورت اس پر حرمت مغلظہ کے ساتھ حرام ہوجائے گی۔ 

واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء

دارالعلوم وقف دیوبند

 

answered Sep 16, 2023 by Darul Ifta
...