42 views
پندرہویں شعبان کی فضیلت:
(۹۳)سوال:پندرہ شعبان کے روزے کی فضیلت کے لئے مشکوٰۃ شریف سے استدلال کی کیا نوعیت اور حیثیت ہے، جو روزہ نہ رکھے کیا وہ ملعون ہے؟  
فقط: والسلام
المستفتی: عبدالواحد قریشی، مظفر نگر
asked Sep 17, 2023 in حدیث و سنت by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:(۱) مشکوٰۃ شریف احادیث مقدسہ کا انتہائی اہم ذخیرہ ہے، جس کو علماء نے غیر معمولی اہمیت دی ہے، اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث، آثار صحابہ رضی اللہ عنہم اور آثار تابعین رحمہم اللہ اجمعین کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ رہا معاملہ استدلال کا تو کسی بھی کتاب سے استدلال کے لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ یہ استدلال کس مسئلہ سے متعلق ہے، کبھی اس کا تعلق عقائد سے ہوگا، تو کبھی واجبات وفرائض سے اور کبھی سنن ونوافل سے یا معاشرت واخلاقیات سے اس کا تعلق ہوگا۔ ہر ایک پر استدلال کے لیے مستدل منہ کے لئے شرائط علیحدہ ہیں، مشکوٰۃ شریف کی خصوصیت ہے کہ اس میں راوی کی وضاحت اور جس کتاب سے روایت لی گئی اس کا عموماً حوالہ بھی ہوتا ہے؛ لہٰذا عمومی استدلال، فتن، ادعیہ، اعتصام بالکتاب، اسماء حسنی، فضائل ونوافل اور ترغیب وترہیب وغیرہ کے لیے اس سے استدلال بالکل درست ہے اور معاملہ عقائد وواجبات وغیرہ کا ہو، تو اس پر استدلال کے لیے حوالہ موجود ہے کہ حدیث کے مراتب کو معلوم کرکے ضروری ہو، تو مرجع کی طرف رجوع کرلیا جائے؛ بالکلیہ یہ کہہ دینا کہ اس سے استدلال درست نہیں ہے یہ غلط ہے۔
(۲) پندرہ شعبان کے روزے کی فضیلت ثابت ہے کتب حدیث میں اس کا ذکر ہے اور کتب فقہ میں بھی وضاحت ہے، روزہ رکھنا افضل ہے اور ثواب ہے؛ اگر کوئی روزہ نہ رکھے، تو بھی کوئی برائی نہیں ہے، افضلیت کا انکار بھی درست نہیں ہے اور پھر مذکورہ فی السوال شدت تو بالکل ہی غلط ہے، ایسی شدت اختیار نہ کرنی چاہئے۔ (۱)

(۱) عن علي ابن أبي طالب رضي اللّٰہ عنہ، قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: إذا کانت لیلۃ النصف من شعبان فقوموا لیلہا وصوموا نہارہا۔ (أخرجہ ابن ماجہ، في سننہ، ’’کتاب إمامۃ الصلاۃ والسنۃ فیہا: باب ماجاء في لیلۃ النصف من شعبان‘‘: ج ۱، ص: ۲۵۳، رقم: ۱۳۸۸)
إذا روینا عن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم في الحلال والحرام والسنن والأحکام تشددنا في الأسانید وإذا روینا عن النبي في فضائل الأعمال وما لا یضع حکما ولایرفعہ تساہلنا في الأسانید۔ (الخطیب البغوي، الکفایۃ في علم الروایۃ، ’’باب التشدید في أحادیث الأحکام‘‘: ج ۱، ص: ۱۳۴
)

 فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج2ص132

answered Sep 17, 2023 by Darul Ifta
...