41 views
اعلاء کلمۃ اللہ اور دین کی خدمت کا ذریعہ صرف تبلیغ ہے:
(۳)سوال:زید جو کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ ہے کہتا ہے کہ اعلاء کلمۃ اللہ اور دین کی خدمت
 کا ذریعہ صرف اور صرف تبلیغ کرنا ہے اور گشت کرنے پر سات لاکھ نمازوں کا ثواب ملتا ہے، کیا یہ حدیث ہے؟
فقط: والسلام
المستفتی: قاری محمد یامین صاحب، میرٹھ
asked Oct 3, 2023 in بدعات و منکرات by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق:اعلاء کلمۃ اللہ اور دین کی خدمت کے متعدد طریقے ہیں۔ درس وتدریس بنیادی طریقہ ہے اور اس کے بھی متعدد درجات ہیں۔ تصنیف وتالیف، وعظ وتقریر اور دعوت وتبلیغ وغیرہ، پھر دعوت وتبلیغ کے بھی مختلف درجات ہیں، کسی ایک طریقہ میں ہی دین کو محدود سمجھنا غلطی ہے۔ تذکیر کا طریقہ سہل ہے درس وتدریس مشکل ہے اور فقہ وفتاویٰ انتہائی نازک ودشوار ہے، کسی ایک طریقہ کو اختیار کرنے کے بعد دوسرے طریقے کو اختیار کرنے والوں کو کمتر سمجھنا بھی غلطی ہے؛ اس لئے کسی کا یہ کہنا کہ دین کے لئے یہی صورت لازم ہے، یہ درست نہیں ہے۔ تبلیغ وغیرہ کا کام مسجد میں چلانے کی گنجائش ہے، بشرطیکہ احترام کی خلاف ورزی نہ ہو، سات لاکھ نمازوں کے ثواب والی حدیث اور دلیل نظر سے نہیں گذری خود بیان کرنے والے سے معلوم کیا جائے مزید اطمینان کے لئے حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب ’’دعوت وتبلیغ‘‘ دیکھی جائے۔(۱)

(۱) وعن أبي ہریرۃ رضي اللّٰہ عنہ قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: کفیٰ بالمرء کذباً أن یحدث بکل ما سمع۔ رواہ مسلم۔ (مشکوۃ المصابیح، ’’کتاب الإیمان: باب الاعتصام بالکتاب والسنۃ، ’’الفصل الأول‘‘: ج ۱، ص: ۲۸، رقم: ۱۵۶)
{وَلْتَکُنْ مِّنْکُمْ أُمَّۃٌ یَّدْعُوْنَ إِلَی الْخَیْرِ وَیَأْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْہَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِط وَأُولٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَہ۱۰۴} (سورۃ آل عمران: ۱۰۴)
وعن أبي سعید الخدري رضي اللّٰہ عنہ  قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: إن الناس لکم تبع وإن رجالا یأتونکم من أقطار الأرض یتفقہون في الدین فإذا أتوکم فاستوصوا بہم خیرا۔(أخرجہ الترمذي، في سننہ، ج۱، ص:۳۸رقم: ۲۱۵)
وعن أنس رضي اللّٰہ عنہ قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: من خرج في طلب العلم فہو في سبیل اللّٰہ حتی یرجع۔ رواہ الترمذي والدارمي۔ (مشکوٰۃ المصابیح، ’’کتاب العلم: الفصل الثاني‘‘: ج ۱، ص: ۳۴، رقم: ۲۲۰)


فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج2ص299

answered Oct 3, 2023 by Darul Ifta
...