49 views
نجاست کو زائل کرنے کا طریقہ اور واشنگ مشین کے ذریعہ کپڑا پاک کرنا:
(۱۷)سوال:کیا نجاست کھرچنے سے زائل ہو جاتی ہے، نیز یہ بھی بتائیں کہ واشنگ مشین اور بالٹی میں نجس کپڑوں کے دھونے کا کیا طریقہ اختیار کرنا چاہیے؟
المستفتی: محمد امان اللہ، مظاہری
asked Oct 28, 2023 in طہارت / وضو و غسل by azhad1

1 Answer

الجواب وباللہ التوفیق:ناپاک کپڑے سے نجاست کو زائل کر دیا جائے، تو وہ پاک ہو جاتا ہے، اصل مقصود نجاست کو بالکلیہ زائل کرنا ہے، اگر کوئی نجاست ایسی ہو جو کھرچنے سے زائل ہو جاتی ہو اور اس کا اثر بالکل ختم ہو جاتا ہو، تو صرف کھرچنے سے بھی کپڑا پاک ہو جاتا ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں ایسی ہی نجاست کا ذکر ہے(۲) اور جو نجاست کھرچنے سے ختم نہ ہوتی ہو اس کو ختم کرنے کے لیے کپڑے کا دھونا ضروری ہوتا ہے ،عام طور پر تین مرتبہ دھونے سے نجاست ختم ہو جاتی ہے اس لیے کپڑے کو تین مرتبہ دھونا چاہیے۔
واشنگ مشین یا بالٹی میں ایک کپڑا یا متعدد کپڑے ڈالے جائیں، پھر ان کو نکال لیا جائے اور اس پانی کو بہا دیا جائے، پھر دوسرا پانی لیا جائے اور اس میں کپڑے ڈالے جائیں اس طرح تین مرتبہ پانی میں کپڑے ڈالے جائیں۔ ایسا نہ ہو کہ ایک کپڑا پانی میں ڈال کر نکال لیا اور پھر اسے نچوڑا اور پھر اسی پانی میں دوسرا کپڑا ڈال دیا جائے نیز ہر مرتبہ کپڑے نچوڑنا بھی ضروری ہے۔ اگر واشنگ مشین میں پانی کم ہو، تو احتیاط اس میں ہے کہ دو بارہ پانی ڈالیں یا بالٹی میں کپڑے کو ڈال کر پاک کر لیا جائے۔(۱)


(۲) عن عائشۃ رضی اللّٰہ عنھا قالت: ربما فرکتہ من ثوب رسول اللّٰہ ﷺ بیدي، (أخرجہ ابن ماجہ، في سننہ، ابواب الطہارۃ وسننھا، باب في فرک المني من الثوب،ج۱،ص:۴۱)؛ و یطھر البدن والثوب والخف و إذا أصابہ مني بفرکہ إن کان یابسا وبغسلہ إن کان رطباً۔ (ابن نجیم،البحر الرائق، کتاب الطہارۃ، باب الأنجاس، ج۱، ص:۳۸۹)
(۱)و یطھر متنجس بنجاسۃ مرئیۃ بزوال عینھا و لو بمرۃ علی الصحیح ولا یضر بقاء أثر شق زوالہ و غیر المرئیۃ بغسلھا ثلاثاً والعصر کل مرۃ … و یطھر المني الجاف بفرکہ عن الثوب والبدن و یطھر الرطب بغسلہ ( الشرنبلالي، نورالإیضاح، کتاب الطہارۃ، باب الأنجاس والطہارۃ عنہا،ص:۵۳-۵۴)

 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج2ص421

answered Oct 28, 2023 by Darul Ifta
...