41 views
وعدہ خلافی کرنے والے کی امامت:
(۱۴۱)سوال: زید مدرسہ کا منتظم ہے اور امامِ مسجد مدرس ہے، امام نے زید سے ایک بکری خریدی قیمت طے ہوگئی۔ صورت حال یہ ہے کہ جب امام کہیں جاتا ہے، تو زید اس کی جگہ پر کام کرتا
تھا اور زید چھٹی پر جاتا تو وہ ان کی جگہ پر کام کرتا تھا، ایک مرتبہ امام چھٹی پر گیا اب واپس آکر کہتا ہے کہ میں بکری کی قیمت نہیں دوں گا وہ کہنے لگے کہ میں نے، تو بکری اس لیے دی تھی کہ میں جو مدرسہ کا کام کرتا تھا اس کے عوض تم سے بکری لی ہے حالاںکہ قیمت طے ہوچکی تھی تو ایسے امام کی امامت کے لیے شرعی حکم کیا ہے؟ ایسے خائن امام کے پیچھے نماز جائز ہے یا نہیں؟
فقط: والسلام
المستفتی: خلیق احمد، مظفرنگر
asked Dec 17, 2023 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب و باللہ التوفیق: صورت مسئولہ میں جب کہ بکری کی قیمت بھی مقرر ہوگئی اور امام صاحب نے قیمت دینے کا وعدہ بھی کیا مگر اب قیمت کی ادائیگی سے انکار کر رہا ہے ان کے لیے سخت گناہ کی بات اور دھوکہ بازی ہے۔(۱)
اگر امام صاحب کو مدرس کے کام کا معاوضہ طلب کرنا تھا، تو اس کا مطالبہ مدرسہ کے ذمہ داروں سے کرتے یہی اصولی بات تھی مگر انہوں نے ایسا نہ کرکے زید کا ذاتی حق دبانا چاہا یہ ان کے لیے درست اور جائز نہیں ہے۔ اگر وہ اس سے توبہ کرلیں اور حق زید ادا کردیں تو وہ قابلِ امامت ہیں(۲) اور اگر ایسا نہ کریں تو وہ قابل امامت نہیں ہیں ،اس کی امامت مکروہ تحریمی ہے۔(۳)

(۱) قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: من غشنا فلیس منا۔ (أخرج الترمذي في سننہ، ’’کتاب البیوع‘‘: ج ۱، ص: ۱۱۵، رقم: ۱۳۵)
(۲) التائب من الذنب کمن لاذنب لہ۔ (أخرجہ ابن ماجۃ  في سننہ، ’’کتاب الزہد: باب: ذکر التوبۃ‘‘: ص:۳۱۳، رقم: ۴۲۵۰)
(۳) وفاسق: من الفسق وہو الخروج عن الاستقامۃ، ولعل المراد بہ من یرتکب الکبائر۔ (ابن عابدین، رد المحتار علی الدر المختار، ’’کتاب الصلوٰۃ: باب الإمامۃ، مطلب في تکرار الجماعۃ في المسجد‘‘: ج۲، ص: ۲۹۸)

 

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص169

answered Dec 17, 2023 by Darul Ifta
...