51 views
فاسق کی امامت:
(۱۷۸)سوال: زید ایک مسجد میں تقریباً پچیس سال سے امامت کر رہا ہے اور مدرس بھی ہے زید ہر سال یکم رمضان المبارک سے چھبیس رمضان تک چندہ لاتا ہے، اس سال جب عام مسلمانوں نے زید سے آمد وخرچ کا حساب طلب کیا تو اس نے نہایت بد دلی کے ساتھ روزہ کی حالت میں کعبہ کی طرف منہ کر کے مسجد میں کہا کہ امسال میں راجستھان سے چھ (۶۰۰۰) ہزار روپئے لایا ہوں نیز مسلمانوں کے اصرار پر زید نے وعدہ کیا کہ میں پچیس (۲۵) سال کا حساب مع توضیحات آمد وخرچ عید الفطر کے بعد پیش کر دوں گا۔
اب عید الاضحی آگئی؛ لیکن زید حساب دینے میں قیل وقال کر رہا ہے اس اثناء میں مقامی مسلمانوں کا ایک وفد جے پورا اور مکرانہ گیا اور وہاں کے ارباب خیر سے ملا جو ہر سال چندہ دیتے ہیں ان ارباب خیر کے بتائے ہوئے اعداد وشمار کے مطابق مرقومہ ہر دو مقامات پر سترہ ہزار (۱۷۰۰۰) روپئے کے معطی ہیں یہ شہادتی بیان دینے پر آمادہ ہیں کہ انھوں نے ذاتی اتنی رقم دی ہے ایسے آدمی کے پیچھے نماز درست ہے یا نہیں؟
فقط: والسلام
المستفتی: بدر الدین، ٹونک راج
asked Dec 19, 2023 in نماز / جمعہ و عیدین by azhad1

1 Answer

الجواب وباللّٰہ التوفیق: صورت مسئول عنہا میں زید بلا شبہ فاسق ہے اور علامت نفاق میں سے ایک امانت میں خیانت بھی ہے۔ حدیث شریف میں ’’إذا أوتمن خان‘‘ اور فاسق کی امامت مکروہ تحریمی ہے۔ در مختار میں ہے۔
’’وتکرہ إمامۃ عبد وفاسق، وقال في رد المحتار: مشی في شرح المنیۃ علی أن کراہۃ تقدیمہ کراہۃ تحریم‘‘(۱)
نیز شامی نے لکھا ہے کہ ایسا شخص قابل اہانت ہے اور امامت عہدۂ عظمت ہے وہ ایسے شخص کو نہ دیا جائے جو کہ واجب الاہانۃ ہو۔(۲)
لہٰذا ایسے شخص کو امامت ومدرسی سے الگ کر دیا جائے اور جو رقوم اس پر واجب الادا ہوں وہ وصول کی جائیں۔(۳)

(۱) الحصکفي، الدر المختار مع رد المحتار، ’’کتاب الصلوۃ، باب الإمامۃ، مطلب في تکرار الجماعۃ في المسجد‘‘: ج ۲، ص: ۲۹۸۔
(۲) وأما الفاسق فقد عللوا کراہۃ تقدیمہ بأنہ لا یہتم لأمر دینہ وبأن في تقدیمہ للإمامۃ تعظیمہ وقد وجب علیہم إہانتہ شرعاً۔ (أیضًا: ص: ۲۹۹، زکریا دیوبند)
(۳) لو صلی خلف فاسق أو مبتدع ینال فضل الجماعۃ؛ لکن لا ینال کما ینال خلف تقي ورع لقولہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم من صلی خلف عالم تقي فکأنما صلی علی خلف نبي۔ (ابن نجیم، البحر الرائق، ’’کتاب الصلوۃ، باب الإمامۃ‘‘: ج ۱، ص: ۲۱۰، زکریا دیوبند)

فتاوی دارالعلوم وقف دیوبند ج5 ص205

 

answered Dec 19, 2023 by Darul Ifta
...